صحافیوں نے کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاج کیا جس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور صوبائی حکومت کے خلاف اور آزادی صحافت کے حق میں بھرپور نعرہ بازی کی گئی۔ احتجاجی مظاہرے میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی قیادت شریک ہوئی۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے بی یو جے کے صدر عرفان سعید نے کہا کہ نگراں حکومت اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میڈیا کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ جس کی اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں میڈیا ورکرز کو سیاسی جماعت کا جلسہ کور کرنے سے روکا گیا جو قابل قبول نہیں، صدر بی یو جے عرفان سعید نے کہا کہ اس طرح پیشہ وارانہ فرائض کی سرانجام دہی سے روکنا صحافیوں کی ملازمتوں سے کھلواڑ ہے یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے نگراں حکومت اور ضلعی انتظامیہ آزادی صحافت میں روڑے نہ اٹکائے اس سے ان کی نیک نامی نہیں ہوگی۔ اس طرح تو آمرانہ دور حکومتوں میں بھی نہیں کیا گیا جو آج کیا جارہا ہے۔ انہوں نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ آزادی صحافت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
نگراں حکومت میڈیا کنٹرول نہ کرے، بی یوجے۔۔
Facebook Comments