وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آزادی اظہار بنیادی انسانی حقوق میں سے ہے اس کی بندش جمہوری روایات کے خلاف ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایف یوجے کے سالانہ اجلاس جو کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے اشتراک سے منعقد ہوا، اس میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ اخبارات کے واجبات کی ادائیگی اگلے چند ہفتوں میں کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے معاشی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کا پاکستان پیپلز پارٹی کی جمہوری حکومت کو شدت سے احساس ہے کیونکہ صحافیوں نے بھی آمریت کے خلاف جدوجھد میں بھرپور حصہ لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایسا مکینیزم تیار کررہی ہے جس میں وزیراعلی کی انسپکشن ٹیم اخبارات کے واجبات کی ادائیگی کو اخباری صنعت میں کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کرے گی جس میں اخبارات کے مالکان ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا فیصلہ نہیں کرسکے گی اور اس طرح اخباری ملازمین پر بے روزگاری کی تلوار بھی نہیں لٹکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات کے پچھلے واجبات کی ادائیگی کے ساتھ رواں گوشواروں کو بھی توازن میں رکھا جائے گا جس سے ملازمین کو ماہ بہ ماہ تنخواہوں کی ادائیگی میں پریشانی نہ ہو ۔ مشیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ کچھ صحافیوں کی گرفتاری کے بارے میں اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے خلاف مقدمات میں بھرپور انصاف کیا جائے گا اور اگر ان پر کسی قسم کا کوئی الزام ہو تو اس کا فیصلہ کرنے کا اختیار عدالت کو ہے ۔ صوبائی مشیر اطلاعات کو عہدیداران نے سندھ کی روایتی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔
اخبارات میں برطرفیوں کے خلاف نیامیکنزم لانے کا اعلان۔۔
Facebook Comments