فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ’’نیٹ فلکس“ کو انکم ٹیکس کی مد میں20 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی کے لیے نوٹس بھیج دیا۔ ایڈیشنل کمشنر سی ٹی او اسلام آباد نے انکم ٹیکس آرڈیننس (آئی ٹی او) 2001 کے سیکشن 6 کے تحت سٹریمنگ جائنٹ سے دو مختلف سالوں کیلئے 20 کروڑ روپے سے زائد کی ڈیمانڈ کی ہے۔ویب سائٹ نے رپورٹ میں کہا کہ کمپنی نے صرف پاکستان میں ٹیکس سال 2021 کے دوران 1.3 بلین کی آمدنی کا اعلان کیا ہے، نیٹ فلکس اور کچھ دیگر کمپنیاں پاکستان میں اپنے دفاتر کے بغیر آف شور ڈیجیٹل سروسز فراہم کر رہی ہیں۔ایف بی آر نے نیٹ فلکس سنگاپور کے دفتر کو نوٹس جاری کیا تھا ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حکومت پاکستان نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں سیکشن 6 متعارف کرایا تھا تاکہ ہر اس غیر مقیم شخص کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے جو آف شور ڈیجیٹل سروسز کے لیے پاکستان کے ذریعہ رائلٹی فیس یا تکنیکی خدمات کی فیس وصول کرتا ہے۔دریں اثنا پاکستان دُنیا کا وہ واحد ملک بن گیا ہے جہاں مشہور اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کے سبسکرپشن پیکجز سب سے سستے ہیں۔دسبمر 2023 میں مرتب کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ دُنیا بھر میں پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں نیٹ فلکس کی ماہانہ سبسکرپشن فیس سب سے سستی 2.82 ڈالر ہے جوکہ پاکستانی تقریباََ 794 روپے بنتے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے بعد جن ممالک میں نیٹ فلکس کا ماہانہ پیکج سستا ہے وہ یہ ممالک ہیں جن میں ترکیہ 3.38 ڈالر، ارجنٹائن 3.57 ڈالر، مصر 3.88 ڈالر اور نائیجیریا 4.88 ڈالر کے ساتھ فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود ہے۔دوسری جانب نیٹ فلکس کی سب سے مہنگی ماہانہ سبسکرپشن فیس سوئٹزرلینڈ میں 21.48 ڈالر ہے، اس کے علاوہ ڈنمارک، گرین لینڈ، آئرلینڈ اور ریاستہائے متحدہ میں نیٹ فلکس کی ماہانہ فیس 16.46 ڈالر سے 15.49 ڈالر تک ہے۔