لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر شیراز حسنات ، نائب صدر امجد عثمانی ، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری جعفر بن یار ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے قینچی امرسدھو میں پی پی 160کے امیدوار کے کیمپ دفتر میں انتخابات کی میڈیاکوریج کے دوران کونسل ممبراور نیونیوز کے رپورٹر حماد اسلم اور ان کی ٹیم پر حملہ کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ نیونیوزکے سینئررپورٹرحماد اسلم اور کیمرہ مین شیخ سلمان الیکشن کمپیئن کی کوریج کرنے امیدوارکے کیمپ دفترگئے تو پارٹی دفتر میں انتظامیہ نے کوریج کرنے پر انھیں تشدد کا نشانہ بنایا،ڈنڈے،سوٹے اور دھکے مارے، کیمرہ چھین لیااورحملہ آوروں نے نیو نیوز کی ٹیم کو یرغمال بنانے کی بھی کوشش کی ۔ گورننگ باڈی نے واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صحافیوں کو ان کے فرائض منصبی سے روکنے کے لئے ڈرادھمکاکرتشدد کا نشانہ بنایاجارہاہے صحافی اس سے بالکل ڈرنے والے نہیں ، وہ معاشرے کی آنکھ ہیں، معاشرے میں رونما ہونے والے واقعات کو من و عن بیان کرناان کافرض ہے اور اپنے فرض کی ادائیگی کے لئے وہ کسی کے دبا ﺅ میں نہیں آئیں گے۔ انھوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیاکہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف فوری مقدمہ درج کرکے انھیں گرفتارکیاجائے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔