لاہور کی مقامی عدالت نے مبینہ فراڈ کیس میں اداکارہ نازش جہانگیر کے پیش ہونے پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔ لاہور کے علاقے کینٹ کی کچہری عدالت کے میجسٹریٹ غلام شبیر سیال نے گزشتہ روز اداکارہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 22 مارچ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔تاہم اداکارہ نے خود ہی عدالت پیش ہوئیں، جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔ڈان نیوز کے مطابق نازش جہانگیر اپنے وکیل بیریسٹر حارث کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں اور انہوں نے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے، جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔عدالت نے آئندہ ماہ 28 اپریل تک کیس کی سماعت ملتوی کردی۔اداکارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے اسود ہارون نامی ابھرتے ہوئے اداکار سے فراڈ کرکے پیسے اور گاڑی بٹوری اور واپس نہیں کی۔اس سے قبل لاہور کی سیشن کورٹ نے ستمبر 2024 میں اسی کیس میں نازش جہانگیر کی ضمانت بھی منسوخ کردی تھی۔نازش جہانگیر نے رواں ماہ مارچ کے آغاز میں ندا یاسر کے شو میں اپنے خلاف فراڈ کیس پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف پروپیگنڈہ کے تحت جھوٹے الزامات لگاکر انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔گزشتہ روز اپنے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی خبریں نشر ہونے کے بعد نازش جہانگیر نے انسٹاگرام اسٹوری میں سوشل میڈیا پیجز اور انفلوئنسرز کو دھمکی دی تھی کہ اگر ان کے خلاف جھوٹی معلومات پھیلانا بند نہیں کی گئی تو وہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔