سینیئر اداکارہ مشی خان نے ٹک ٹاکرز سمیت عام خواتین اور لڑکیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں اپنی ذاتی اور انتہائی خاص ویڈیوز اور تصاویر کسی بھی صورت میں اپنے مرد ساتھیوں کو نہ بھیجیں۔مشی خان نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو پیغام شیئر کیا، جس میں وہ ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی نامناسب ویڈیوز لیک ہونے والے ٹرینڈ پر بات کرتی دکھائی دیں۔اداکارہ نے کہا کہ کچھ عرصے سے ملک میں عجیب سا ٹرینڈ چل پڑا ہے، کسی نہ کسی لڑکی، ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا سٹار کی نامناسب ویڈیو لیک ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ دن قبل ایک ٹک ٹاکر لڑکی کی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں اور اب گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی ٹک ٹاکرز کی انتہائی ذاتی ویڈیوز لیک ہوئی ہیں جو کہ افسوس ناک ہے۔مشی خان نے ویڈیوز کے لیک ہونے کے ٹرینڈ کو غلط قرار دیتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) اور دوسرے حکومتی اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسی ویڈیوز وائرل ہونے کے خلاف سخت ایکشن لیں۔