وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نیشنل ڈیجیٹل کیبل پالیسی 2021ءکے تحت کیبل آپریٹرز کو نئے چینلز چلانے کے لئے سبسکرپشن کی سہولت میسر آئے گی۔ یہ بات انہوں نے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت نے نیشنل ڈیجیٹل کیبل پالیسی 2021ءکی منظوری دے دی ہے جس کے تحت کیبل آپریٹرز کے لئے سبسکرپشن ماڈل شروع کیا جائے گا، اس ماڈل سے کیبل آپریٹرز کو نئے چینلز چلانے کے لئے سبسکرپشن کی سہولت میسر آئے گی۔ اس وقت ہمارے گھروں میں اینالاگ کیبل آ رہی ہے جس کی کوالٹی نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ اس میں چینلز کی تعداد بھی کم ہے۔کیبل کو ڈیجیٹلائز کرنے کے بعد چینلزکی ریٹنگ میں بھی شفافیت کے ساتھ ساتھ چینلز کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ سبسکرپشن ماڈل کی فراہمی سے کیبل آپریٹرز کو مقامی اور بین الاقوامی مواد خریدنے اور چلانے کی اجازت ہوگی۔
