تحریر: محمد زکریا محی الدین
ایک طرف جہاں ہم سن رہے ہیں کہ میڈیا کے حالات خراب ہیں ، مالکان کے پاس اپنے ملازموں کو تنخواہ دینے تک کے پیسے نہیں ہیں تو دوسری جانب ہمارے مشاہدے میں کچھ ایسی باتیں بھی آرہی ہیں جو نا تو صحافت نہ اخلاقیات کے کسی بھی معیار پر پورا اترتی ہیں۔
بارہ مئی کو گھی والوں کے چینل نائنٹی ٹو ایچ ڈی پر ایک بظاہر خفیہ طور پر ریکارڈ کی گئی وڈیو نشر کی گئی ۔ اس وڈیو میں موجودہ ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ کے سامنے ایک شخص بیٹھا ہوا کسی تعمیراتی بلڈنگ کو خالی کروانے کے لئے ان سے مدد مانگ رہا ہے ۔ پیر محمد شاہ اور مذکور شخص کے درمیان گفتگو سندھی میں ہو رہی ہے جبکہ کسی اور شخص نے جو سامنے بیٹھا ہے موبائل فون سے یہ ساری وڈیو ریکارڈ کی ہے۔ نمائندہ نائنٹی ٹو طحہ عبیدی نے اس رپورٹ میں یہ دعوی کیا کہ ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ لینڈ مافیا کے کسی نمائندہ سے ڈیل کررہے ہیں ۔
اب ذرا اس وڈیو کی حقیقت جانئے۔ وڈیو میں جو شخص ایس ایس پی ساؤتھ کے سامنے بیٹھا بات کررہا ہے اس کا نام مشتاق سرکی ہے ۔ یہ کسی زمانے میں کسی علاقائی چینل کا رپورٹر تھا اور غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق یہ لینڈ مافیا کے ساتھ بھی ملوث رہا ہے ۔ اب یہ شخص جیل میں قید ہے جہاں اس پر کئی کیس درج ہیں ۔ جس وڈیو کو بنیاد بنا کر یہ خبر بنائی گئی ہے وہ کم از کم ایک سال پرانی ہے۔ جبکہ دعوی اس کے حالیہ ہونے کا کیا جا رہا ہے۔اس وڈیو کو پہلے پیر محمد شاہ کو بھیجا گیا تھا اس پیغام کے ساتھ کہ ہم یہ چلانے والے ہیں مگر ان کی جانب سے کسی بھی رد عمل کےنہ ہونے کی وجہ سے اس وڈیو کو ایک خبر بنا کر چلا دیا گیا ۔
پیر محمد شاہ نے اس حوالے سے نائنٹی ٹو ایچ ڈی چیئر مین میاں محمد حامد، سی ای او میاں محمد رشید، ڈائریکٹر نیوز میاں طاہر، بیورو چیف کراچی اور رپورٹر طحہ عبیدی کو ایک قانونی نوٹس ارسال کیا ہے جس میں ان کی شہرت کو نقصان پہچانے پربیس کروڑ روپے اور غیر مشروط معافی مانگنے کا کہا گیا ہے۔میڈیا ایک انتہائی معزز پیشہ ہے جس میں اخلاقی ، سماجی اور قانونی اقدار کو ہمیشی اولیت دی جاتی ہے مگر جب سے میڈیا گھی اور سگریٹ بیچنے والے دکانداروں کے ہاتھ میں کھلونا بنا ہے خبر کی حرمت کو سربازار نیلام کیا جارہا ہے۔ (محمد زکریا محی الدین)
عمران جونیئر ڈاٹ کام اور اس کی پالیسی کا مصنف کی تحریر سے متفق ہونا ضروری نہیں۔۔اگر نائنٹی ٹوانتظامیہ یااس کے رپورٹر طحہ عبیدی اس حوالے سے اپنا موقف دینا چاہیں تو ہم اسے بھی ضرور شائع کریں گے۔ علی عمران جونیئر۔۔