(رپورٹ :شاکرحسین)
حکمرانوں اورانصاف فراہم کرنے والے اداروں کے رویئے سے مایوس اورنوائے وقت کی ایم ڈی رمیزہ نظامی کے مظالم کے خلاف روزنامہ نوائے وقت کے ملازمین نے اپنے واجبات کے حصول کے لئے اللہ کے گھروں کا رخ کرلیاہے۔گذشتہ روز نماز جمعہ کے بعد سندھ ہائی کورٹ سے متصل جامع مسجد خضراء کے باہر متاثرین نے اپنے مطالبات پر مبنی سیکڑوں پمفلٹ نمازیوں میں تقسیم کئے اوران سے دعائوں کی اپیل کی۔اس موقع پر ملازمین نے بینرز بھی اٹھارکھے تھے جن پر نوائے وقت کی آمدن کا فرانزک آڈٹ کرانے ،برطرف ملازمین کی بحالی اورواجبات کی فوری ادائیگی کے مطالبات درج تھے۔
نمازیوں نے مطالبات پرمبنی پمفلٹ اوربینرزبڑی دلچسپی سے پڑھے اور نوائے وقت کی لے پالک مالکن کے ملازمین پر مظالم کی مذمت کی۔نمازیوں میں شامل وکلاء نے واجبات کی عدم ادائیگی کو آئین وقانون کی صریحاخلاف ورزی قراردیتے ہوئے ہائی کورٹ سمیت ہرفورم پر آوازاٹھانے کی یقین دہانی اوراپناوزیٹنگ کارڈ دیئے۔اس موقع پر متاثرین نوائے وقت کے رہنمائوں نے بتایاکہ ابتدائی طورپر دس ہزار پمفلٹ چھپوائے گئے ہیں جو شہر کی تمام بڑی مساجد، عوامی مقامات اورسیاسی ومذہبی جماعتوں کے جلسے و جلوسوں میں تقسیم کرکے نوائے وقت کی مالکن رمیزہ نظامی کے سیاہ کارناموں سے عوام،وکلاء،طلباء ،اساتذہ ،صحافی برادری،سیاسی ومذہبی رہنمائو ں کو آگاہ کیاجائے گا۔
