آزاد پینل کی جانب سے سیکرٹری کی امیدوار سعدیہ کمال نے نیشنل پریس کلب میں حالیہ تشدد کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے اپنی فیس بک وال پر لکھا، “جمعرات کی شام پریس کلب میں پیش آنے والا افسوسناک واقعہ غیر متوقع نہیں تھا،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم اپنے شیڈول کے مطابق احتجاج کے لئے پریس کلب کے احاطے پہنچے اور نعرے لگانے شروع کئے۔۔جرنلسٹ پینل نے تحمل کا مظاہرہ کرنے کے بجائے ہال سے واک آؤٹ کر دیا، ہمارے سامنے کھڑا ہو گیا اور ہمارے احتجاج کے جواب میں نعرے لگانے لگا۔ انہوں نے لکھا، ’’جرنلسٹ پینل کے کچھ ارکان نے مجھے گھیر لیا اور گالی گلوچ کا استعمال کیا، جسے ویڈیو کلپس میں دیکھا جا سکتا ہے۔اسی دوران وحید ڈوگر اور انور رضا کے درمیان ایک واقعہ پیش آیا جس پر جرنلسٹ پینل کے بلائے گئے کچھ غیر صحافیوں نے مظاہرین میں سے کچھ کو شدید زخمی کر دیا۔سعدیہ کمال کے مطابق ان کے گروپ کے سینئرز کے صبر نے حالات کو خراب نہیں ہونے دیا۔سعدیہ کمال نے نیشنل پریس کلب میں ایسی فضا پیدا کرنے کی شدید مخالف کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی نتائج کے تنازع کو حل کرنے کے لئے فوری بات چیت شروع کی جائے تاکہ کلب کا ماحول معمول پر آسکے۔
