پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے نیشنل پریس کلب میں غنڈہ گردی اور نومنتخب صدر انور رضا پر آزاد پینل کے اراکین اور غیر ممبران کی جانب سے مبینہ طور پر وزارت اطلاعات و نشریات کے حکام کی ایما پر کیے جانے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے کہا کہ نو منتخب عہدیداران نے انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ مخالف گروپ کو جمہوری اصولوں اور روایات پر عمل کرنا چاہیے اور یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ فتح کا مارجن بے مثال تھا۔پی ایف یو جے کی قیادت نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کے کچھ اعلیٰ افسران صحافیوں کی سیاست میں مصروف ہیں۔ وہ میڈیا کمیونٹی کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کے لیے نام نہاد صحافیوں کے کچھ غیر مقبول چھوٹے گروپوں کو فنڈز فراہم کر رہے ہیں۔ تاہم، ان کی تمام کوششیں ناکام ہو جائیں گی کیونکہ کمیونٹی آزادی صحافت اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے لیے متحد ہے۔ ہم انہیں نیشنل پریس کلب کو بند کرنے یا یا صحافی برادری کو ایسے وقت میں تقسیم کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے جب یہ نہ صرف آزادی صحافت بلکہ جمہوری قوتوں کے مستقبل کے لیے بھی لڑ رہا ہے۔انہوں نے وزارت اطلاعات کو صحافیوں کے معاملات میں مداخلت کرنے کے خلاف تنبیہ کرتے ہوئے حکومتی اہلکاروں کے مذموم عزائم کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا جس کا مقصد میڈیا والوں کے درمیان پھوٹ ڈالنا ہے۔
