shartiya meetha | Imran Junior

نانی،شادی اور بچے

علی عمران جونیئر

دوستو،ہر شخص اخبار میں اپنی پسند کی خبروں کی تلاش میں رہتا ہے، جس کا جیسا شوق ویسی خبریں، مثال کے طور پرکسی کو اسپورٹس یا کرکٹ کا کریز ہے تو وہ اخبار میں سب سے پہلے اسپورٹس کا صفحہ تلاش کرے گا اور اسے پڑھے گا، جو سیاست یا حالات حاضرہ کے شائق ہیں وہ فرنٹ پیچ کو پہلی فرصت میں پڑھتے ہیں، اسی طرح تاجر،بزنس مین یا کاروباری حضرات کامرس کی خبروں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ بچپن میں ہمارے گھر جو کثیرالاشاعت اخبار آتا ہے اس زمانے میں فلموں کے اشتہارات کے دو صفحات بھرے ہوتے تھے، ہم روزانہ وہ صفحات دیکھا کرتے تھے، لیکن پھر آہستہ آہستہ ہماری فلم انڈسٹری کا زوال ہوا تو سینما انڈسٹری بھی ختم ہونا شروع ہوگئی، پھر فلمی اشتہارات بند ہوگئے تو ہم اخبارات میں دلچسپ و عجیب خبروں کی تلاش میں رہنے لگے اور آج بھی اخبار میں ہم عجیب و غریب خبریں پہلے پڑھتے ہیں۔۔چلیں آج آپ کو کچھ دلچسپ خبریں سناتے ہیں۔۔نوٹ: ہمارے کالم کے عنوان میں نانی کو سیاست کے کسی کردار سے نہ جوڑا جائے۔۔

بھارت میں 80 سالہ دادا نے 75 سالہ نانی سے شادی رچا لی۔بھارت میں اس انوکھی شادی کی تقریب ریاست تلنگانہ کے ضلع محبوب آباد میں ہوئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق محبوب آباد ضلع کے نیلی گورو منڈل کے علاقے وسترم تانڈہ سے تعلق رکھنے والے 80 سالہ سمیڈا نائک نے 75 سالہ گوگلوتو لالماں نامی خاتون کے گلے میں منگل سوتر پہنایا اور دیگر رسومات پوری کیں۔احباب کیلئے یہ بات حیرت انگیز ہوگی کہ دلہا اور دلہن پوتے، پوتیوں اور نواسے نواسیوں والے ہیں اور یہ ان کی ان کی شادی میں ان کی تیسری نسل نے بھی شرکت کی۔مگر یہاں ایک اور چونکا دینے والی بات ہے کہ یہ ان دونوں کی آپس میں پہلی شادی نہیں ہے بلکہ انہیں میاں بیوی کے بندھن میں بندھے ہوئے نصف صدی گزر چکی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق جن جوڑوں کی شادی کو 50 سال مکمل ہو جاتے ہیں تو شادی جیسی ایک اور تقریب منعقد کی جاتی ہے جس کو ہندوؤں میں ”سشتی پورتی“ رسم کہا جاتا ہے۔اس بوڑھے جوڑے کی شادی دیکھنے کے لیے اطراف کے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی تھی اور یہ وڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس پر دنیا بھر سے دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔ایک اور بھارتی ریاست بہار کے ضلع کاٹہار میں دلہن نے اس وقت شادی سے ہی انکار کر دیا جب دولہے کے گھر والے تو آگئے، تاہم دلہے میاں تاخیر سے پہنچے۔صورتحال اس وقت مزید گھمبیر ہوگئی جب دلہن نے دلہے کو نشے میں دھت دیکھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع کاٹیہار کی دلہن اور اس کے گھر والوں نے دلہے کی تاخیر سے آنے کی وجہ سے دلہن کے سسرال والوں کو ہال میں ہی قید کر لیا، باراتیوں کا موقف تھا کہ دلہے کے تاخیر سے آنے کی وجہ سے رسومات نہیں ہو پائیں اور ہمیں نقصان ہوا ہے جبکہ دلہن کے گھر والوں نے دلہے کے گھر والوں سے بطور ہرجانہ چار لاکھ بھارتی روپے کی ڈیمانڈ بھی کر دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست بہار کے کرسیلہ گاؤں میں پیش آیا جہاں دلہے میاں جن کا تعلق ضلع بگل پور کے سلطان گنج سے ہے۔ دلہے منجیت چوہدری کو اپنی ہی شادی میں تاخیر سے آنا مہنگا پڑ گیا۔دوسری جانب لڑکی والوں نے ہال بک کرا رکھا تھا اور آدھی رات تک دلہے والے بارات لے کر نہ آئے جس کے بعد دلہن منیشاہ کماری کے گھر والوں نے دلہے منجیت چوہدری کی تلاش شروع کر دی کچھ ہی دیر بعد اس بات کا انکشاف ہوا کہ منجیت چوہدری کار میں بے ہوشی کی حالت میں موجود تھے۔صورتحال اس وقت مزید گھمبیر ہو گئی جب منیشاہ نے منجیت چوہری کی حالت کو دیکھا جس کے بعد دلہن نے شادی سے ہی انکار کر دیا۔ دلہن کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ منجیت نے شراب کا نشہ کیا ہوا تھا جس کے بعد دلہن کے گھر والوں نے دلہے کے گھر والوں کو ہال ہی میں قید کر لیا اور بطور ہرجانہ چار لاکھ روپیہ ادا کرنے تک جانے نہیں دیا۔

بھارت میں دولہا کو 2 کا پہاڑہ نہ آنے پر دلہن نے شادی سے انکار کردیا۔ یہ واقعہ ریاست اترپردیش کا ہے جس کی وڈیوانٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ورمالا کی تقریب سے قبل دلہن اپنے دولہا کو 2 کا پہاڑہ سنانے کو کہتی ہے، جس میں دولہا ناکام رہتا ہے۔دولہا کے 2 کا پہاڑہ نہ سنا پانے پر دلہن کہتی ہے کہ ”جو شخص ریاضی کا بنیادی علم بھی نہیں رکھتا، میں اس سے شادی نہیں کر سکتی۔“ دلہن کے انکار پر فریقین میں کافی تلخی ہو جاتی ہے اور بالآخر معاملہ پولیس تک پہنچ جاتا ہے۔ پولیس کی مداخلت پر بھی دلہن اپنے فیصلہ پر قائم رہتی ہے، چنانچہ بارات دلہن کے بغیر واپس لوٹ جاتی ہے۔یہ تو پڑھی لکھی دلہن تھی جو چاہتی تھی کہ اس کا دلہا بھی پڑھا لکھا ہو، کم سے کم اسے دو کا پہاڑا تو آتا ہو۔۔ کچھ دلہنیں چالاک و مکار بھی ہوتی ہیں۔ ہمارے وطن عزیز کے صوبہ پنجاب کے ضلع پاکپتن میں نوبیاہتا دلہا، دلہن ہی کے ہاتھوں لُٹ گیا، دلہے کو بے ہوش کر کے دلہن نے گھر کا صفایا کرکے فرار ہوگئی۔ پولیس کے مطابق دلہن صائمہ بی بی نے دلہے اقبال حسین کو نشہ آور دودھ پلا کر بے ہوش کردیا جس کے بعد دلہن گھر سے زیورات، نقدی سمیت 12 لاکھ مالیت کا قیمتی سامان لے کر فرار ہو گئی۔دلہے کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے دلہن سمیت 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، پولیس کے مطابق واقعے میں ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

جب شادیوں اور دلہنوں کی بات ہورہی ہے تو ایسے موقع پر بچوں کاذکر نہ ہو، کیسے ممکن ہے؟؟ایک اور خبر کے مطابق جنوبی کوریا گرتی ہوئی شرح پیدائش بڑھانے کے لئے نئے بچے کے پیدا ہونے پر والدین کو 10 کروڑ کوریائی وان (77 ہزار ڈالر یا دو کروڑ پاکستانی روپے) کی رقم دینے پر غور کر رہا ہے۔ جنوبی کوریا کے زیر انتظام اینٹی کرپشن اور سول رائٹس کمیشن نے عوامی رائے جاننے کے لئے ایک سروے کا آغاز کیا۔کمیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سروے کے ذریعے ہم ملک میں شرح پیدائش کے فروغ کی پالیسیوں کا از سر نو جائزہ لیں گے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا براہ راست مالی امداد اس مسئلے کا موثر حل ہو سکتی ہے یا نہیں۔آن لائن سروے میں چار سوالات پوچھے گئے ہیں، جن میں یہ بھی شامل ہے کہ کیا اس طرح کی مالی امداد بچے پیدا کرنے کی ترغیب دے گی اور کیا وہ سمجھتے ہیں کہ اس پروگرام پر سالانہ 22 ٹریلین وان خرچ کرنا قابل قبول ہے۔واضح رہے کم شرح پیدائش کے اقدامات کے لئے مختص یہ رقم جنوبی کوریا کے قومی بجٹ کا تقریباً نصف حصہ ہے جو کہ 48کھرب وان سالانہ بنتا ہے، یہ اقدام جنوبی کوریا میں آبادی کے بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لئے اٹھایا جا رہا ہے۔

اور اب چلتے چلتے آخری بات۔۔آپ کی قیمت تب ہوتی ہے، جب آپ کی ضرورت ہوتی ہے۔۔خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں