najkaari ka amal tv par dikhane ka aelaan

نجکاری کا عمل ٹی وی پر دکھانے کا اعلان۔۔

وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ( پی آئی اے ) سمیت24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کرچکی ہے۔ موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام 16ویں آل پاکستان چیمبر ز صدور کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے کاروباری رحجانات کے مطابق ہمیں بھی تبدیلیاں لانا ہوں گی،بزنس کرنا حکومت کا کام نہیں بلکہ کاروباری طبقے کو ہر طرح کی سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے لیے مناسب ماحول پیدا کرنا حکومت کی اصل ذمہ داری ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بزنس اور تجارت کو فروغ ملے گا تو نہ صرف ملک میں خوشحالی آئے گی بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور اْس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت 24سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کر چکی ہے جس میں پی آئی اے سر فہرست ہے اور پی آئی اے کی نجکاری کو براہ راست ٹی وی پر دکھایا جائے گا۔ انہوں نے اس امر کا یقین دلایا کہ پی آئی اے سمیت تمام منصوبوں کی نجکاری میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقین بنایا جائے گا جس کے لیے میڈیا سے بھی مدد حاصل کریں گے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں