بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے بی یو جے کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اورنجی ٹی وی چینل کے رپورٹر فضل تواب پر ائیر پورٹ روڈ پر عسکری پمپ کے قریب پولیس اہلکار کی جانب سے تشدد اور زدکوب کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کا یہ عمل کسی صورت بھی قابل قبول نہیں فضل تواب ایک شریف النفس انسان اور پیشہ ور صحافی ہیں اگر ایک صحافی پولیس تشدد سے محفوظ نہیں تو عام آدمی کی صورتحال کیا ہوگی ،بیان میں کہا گیاکہ تشدد سے قبل فضل تواب کی جانب سے پولیس اہلکار کو اپنا تعارف بھی کرایا گیا جبکہ اس موقع پر متعلقہ پولیس اہلکاروں کے افسران بالا بھی موجود تھے۔ بی یو جے نے آئی جی پولیس بلوچستان ، ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ سے مطالبہ کیا کہ صحافی فضل تواب پر تشدد میں ملوث اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے،بعد ازاں ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ اور ایس پی سٹی نے بی یو جے کے صدر سلمان اشرف سے رابطہ کیا ،سلمان اشرف کی قیادت میں بی یو جے کے وفد نے ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ اسد ناصر سے ان کے آفس میں ملاقات کی ملاقات میں ایس پی سٹی بھی موجود تھے ، وفد نے انہیں واقعہ سے متعلق آگاہ کیا ، ایس ایس پی آپریشن نے بی یو جے کے مطالبے پر صحافی فضل تواب پر تشدد میں ملوث پولیس کانسٹیبل مظفر کو معطل کرکے ان کے خلاف ایس پی سٹی اور متعلقہ ایس ایچ کو ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں تحقیقات کرکے جلد سے جلد رپورٹ پیش کر نے کا حکم دیا۔ دریں اثنا بلوچستان کی سیاسی ومذہبی جماعتوں،صحافتی واخباری تنظیموں ،وکلاء ،ڈاکٹرز ،تاجررہنماؤں اورسول سوسائٹی کے نمائندوں نے کوئٹہ ائیرپورٹ روڈ پر پولیس کی جانب سے صحافی فضل تواب پرتشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ صحافت ریاست کاچوتھا ستون ہے لیکن پولیس اہلکاروں کی جانب سے صحافی کے ساتھ ہتک آمیز رویہ تشویشناک ہے ،یہ واقعہ آزادی صحافت پر قدغن کے مترادف ہے آئی جی پولیس معاملے کانوٹس لیکر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں ،ان خیالات کااظہار بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر سلمان اشرف، جنرل سیکرٹری فتح شاکر،بلوچستان ایڈیٹرز فورم،ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان ،جمعیت کے صوبائی امیرمولانا عبدالواسع ،جنرل سیکرٹری آغا محمودشاہ ،بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ ،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی، ارکان صوبائی اسمبلی ،حاجی نواز خان کاکڑ،مولوی عزیز اللہ ،میرزابد علی ریکی ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی قائم مقام صدر ملک عبدالولی کاکڑ، سیکرٹری جنرل ڈاکٹرجہانزیب جمالدینی ،ارکان صوبائی اسمبلی ملک نصیراحمد شاہوانی ،اخترحسین لانگو، احمدنواز بلوچ، پارٹی رہنماء غلام نبی مری،پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنماء وسابق صوبائی وزیرشیخ جعفر خان مندوخیل،مرکزی نائب صدر آغا شاہ زیب درانی ،بلوچستان عوامی پارٹی کےمرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹرمنظور احمدکاکڑ ،سینیٹر نصیب اللہ بازئی، حاجی ولی نورزئی، میرعبدالکریم نوشیروانی، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی ا سمبلی نصراللہ و دیگر نے کیا۔
