پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جاوید بدر نے نجم سیٹھی کو خط لکھ دیاہے جس میں انہوں نے پاکستان سپر لیگ کا حساب مانگ لیاہے ۔ خط میں جاوید بدر کا کہناتھا کہ پی ایس ایل قوم کے پیسوں سے منعقد کیا گیا ، پی ایس ایل کا حساب آرٹیکل 19 – اے کے تحت مانگا گیاہے اور اگر پی ایس ایل کا مکمل حساب کتاب دو دن کے اندر پیش نہ کیا گیا تو قانونی قواعد کے مطابق عدالت سے رجوع کریں گے ۔ خط میں کہا گیاہے کہ وقار طور کی سربراہی میں وکلاءاور قانون دان مکمل تیاری کے ساتھ عدالت سے رجوع کریں گے ۔جاوید بدر کا کہناتھا کہ نجم سیٹھی کو کرکٹ جیسے انٹرنیشنل کھیل کی ٹیکنکل اے بی سی بی بھی معلوم نہیں ، انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تباہ کر دیاہے ، نجم سیٹھی نے محض اپنی کروڑوں کی کرپشن کیلئے پاکستانی عوام کے جذبوں سے کھیلا اور اس کیلئے ہم اس کا مکمل احتساب چاہتے ہیں ۔ خط کا متن جاوید بدر کے وکلا کی جانب سے تحریر کیا گیاہے ۔۔