میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے انہیں تنقید کا نشانہ بنانے والے اداکاروں اور اینکرز کو قانونی کارروائی کی دھمکی دے دی۔سپر اسٹار ہانیہ عامر کی بھارتی فلم ’سردار جی تھری‘ کی ریلیز کے موقع پر نادیہ خان نے ہانیہ کی تعریفیں کرتے ہوئے بھارتی فلم میں ان کے کام کو سراہا تھاجب کہ اس سے قبل نادیہ نے اپنے ہی شو میں کہا تھا کہ ہانیہ بھارت میں کام کرکے اپنا وقت ضائع کررہی ہیں۔تاہم اداکارہ کی جانب سے اچانک اپنا بیان بدلنے پر سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے ان پر تنقید کی تھی۔اداکارہ ثروت گیلانی، فیصل قریشی، بہروز سبزواری اور یاسر حسین سمیت متعدد فنکار نادیہ کے شو پر تنقید کرچکے ہیں جب کہ حال ہی میں سینئر اداکارہ صبا فیصل نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں نادیہ خان اور دیگر میزبانوں پر برہمی کا اظہار کیا۔نادیہ خان نے شوبز میں بطور اداکارہ اپنے سفر کا آغاز کیا، مگر ان کی اصل شناخت مارننگ شوز کے ذریعے بنی، جہاں وہ خواتین کےلیے خصوصی سیگمنٹس کے ساتھ اسکرین پر نظر آتی ہیں۔ ان کا شو نہ صرف عوام بلکہ شوبز شخصیات کی تنقید کا بھی مرکز بنتا رہا ہے، اور حالیہ دنوں میں اس شو کے مختلف حصوں پر اداکاروں کی جانب سے ناپسندیدگی کا اظہار کھل کر سامنے آیا ہے۔اپنی ویڈیو میں نادیہ خان نے کہا کہ اگر اب کسی نے ان پر ذاتی حملے کرنے کی کوشش کی تو انہیں عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اخلاقیات کو پیسے اور شہرت کےلیے بیچا جائے تو پھر قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ نادیہ خان کے مطابق وہ نہ صرف کریمنل ڈیفیمیشن بلکہ سول ڈیفیمیشن اور پیکا قوانین کے تحت بھی کیس دائر کریں گی، جس کے بعد ان افراد کو برسوں تک عدالت کے چکر لگانے پڑیں گے۔
