اداکارہ نادیہ خان کے خلاف پی پی پی کی رہنما شرمیلا فاروقی کے ہتک عزت کے دعوے پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی( ایف آئی اے) نے نادیہ خان کو الزامات سے باعزت بری کردیا ہے،ایف آئی اے کے سائبر کرائم نے40منٹ کی ویڈیو کو تفصیل سے دیکھا اور کہا کہ ویڈیومیں ایسی کوئی بات نہیں جس سےنادیہ خان کیخلاف کارروائی ہو۔ شرمیلا فاروقی کی جانب سے نادیہ خان کے ہتک آمیز الزامات نوٹس پر کارروائی میں نادیہ خان نے ایف آئی اے نوٹس میں الزامات کا جواب دیا۔ایف آئی اے کے سائبر کرائم نے کہا کہ کسی کی ویڈیو اور تصویر بنانا اور اسے وائرل کرنا جرم نہیں، جرم ایسی صورت میں ہوگا جب ویڈیو یا تصویر سے وہ شخص ہراساں ہوا ہو۔عمران ریاض نے ویڈیو میں کہا ’’میں بات کرنا چاہوں گا کہ میڈم شرمیلا فاروقی کی جانب سے اداکارہ نادیہ خان کے خلاف دائر کیے گئے ہتک عزت کے کیس کے بارے میں جس دعویٰ کیا گیا تھا کہ نادیہ خان نے میڈم شرمیلا فاروقی کی والدہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ 40 منٹ لمبی ویڈیو ہے جو کہ نادیہ خان نے اداکارہ صبور علی کی شادی پر بنائی تھی اور اسے اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا تھا۔سربراہ ایف آئی اے سائبر کرائم نے کہا میری ٹیم نے اس ویڈیو کا تفصیلی جائزہ لیا ہے اور اس میں ہمیں ایسا کوئی مواد نظر نہیں آیا ہے جس سے یہ ثابت ہورہا ہو کہ میڈم نادیہ خان نے جان بوجھ کر شرمیلا فاروقی صاحبہ کی والدہ کو بدنام کرنے کی نیت سے اس ویڈیو کو بنایا ہو اور اپ لوڈ کیا ہو۔ اور نہ ہی ہمیں اس ویڈیو میں کوئی ایسے توہین آمیز الفاظ نظر آئے۔عمران ریاض نے مزید کہا جہاں تک بات ہے طنزیہ انداز کی یا چہرے کے تاثرات کی تو اس کے حوالے سے قانون خاموش ہے۔ لہذا نادیہ خان کو اس انکوائری میں کلیئر کردیا گیا ہے اور اس کیس کی تحقیقات کو بند کردیا گیا ہے‘‘۔ویڈیو کے کیپشن نے عمران ریاض نے کیس کے بارے میں مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کسی کی ویڈیو اور تصویر بنانا اور اسے وائرل کرنا صرف اسی صورت میں جرم بن جاتا ہے جب ایسی ویڈیو بنانے کا مقصد کسی کو ہراساں کرنا اور بدنام کرنا ہو۔سر براہ ایف آئی اے نے کہا نادیہ خان ایف آئی اے سائبر کرائم کے دفتر آئیں اور ایف آئی اے کے نوٹس میں لگائے گئے الزامات کا جواب دیا۔
واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں ایک تقریب کے دوران اداکارہ ومیزبان نادیہ خان نے پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی سے ان کے میک اپ اور جوئیلری وڈریسنگ کے حوالے سے سوال کیا تھا۔مذکورہ واقعے کی ویڈیو انسٹٓاگرام پر شیئر کرنے پر شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کیخلاف سائبر کرائم میں شکایت درج کروانے کا اعلان کیا تھا۔شرمیلا فاروقی کی درخواست کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم نے نادیہ خان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔شرمیلا فاروقی نے اداکارہ نادیہ خان کو بھجوائے گئے لیگل نوٹس میں کہا ہے کہ اداکارہ 15 دن میں ان سے متعلق دیے گئے بیانات واپس لیں۔نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نادیہ خان شرمیلا فاروقی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر 15 روز میں 5 کروڑ ہرجانہ ادا کریں۔دریں اثنا ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل میں نادیہ خان کے خلاف دائر کیے گئے ہتکِ عزت نوٹس کا فیصلہ حق میں آنے کے بعد نادیہ خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ہمیشہ سچ کی جیت ہوتی ہے “۔ناد یہ خان نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ہیڈ آف ایف آئی اے سائبر کرائم سیل، ریاض عمران کی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی،اس ویڈیو میں ریاض عمران نادیہ خان کے خلاف کیس کے فیصلے سے متعلق بات کر رہے ہیں۔نادیہ خان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں اللّٰہ کا شکر ادا کیا اور ساتھ ہی میں لکھا کہ “ہمیشہ سچ کی جیت ہوتی ہے، آپ سب کی حوصلہ افزائی اور ساتھ دینے کا شکریہ۔ انہوں نے ہیڈ آف ایف آئی اے سائبر کرائم ریاض عمران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ “ایماندار اور منصفانہ رہنے کے لیے آپ کا بھی بہت شکریہ۔
