nadia hussain FIA mein pesh

نادیہ حسین ایف آئی اے میں پیش، شوہرسے پیسہ لینے کا اعتراف۔۔

میک اپ آرٹسٹ، اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں پیش ہوگئیں، جہاں انہوں نے شوہر کی جانب سے پیسے فراہم کرنے کا اعتراف بھی کرلیا۔نادیہ حسین کو ایف آئی اے نے 9 اپریل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 اپریل تک پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔اداکارہ ہدایات کے مطابق 14 اپریل کی دوپہر کو اپنے تین وکلا کے ہمراہ وفاقی تحقیقاتی ادارے پہنچیں اور ڈھائی گھنٹے تک بیان ریکارڈ کرواتی رہیں۔اے آر وائے نیوز کی رپورٹ کے مطابق نادیہ حسین نے ایف آئی اے کو دیے گئے بیان میں اعتراف کیا کہ شوہر نے ان کے اکاؤنٹ میں پیسے منتقل کیے، جنہیں انہوں نے اپنے سیلون کے کاروبار میں لگایا۔ماڈل و اداکارہ کے مطابق انہوں نے شوہر کی جانب سے دی گئی رقم کو ٹیکس گوشواروں میں بھی ظاہر کیا اور مذکورہ رقم کے قانونی شواہد موجود ہیں۔نادیہ حسین کے بیان کے وقت ان کے تینوں وکلا کو ایف آئی اے کے دفتر سے باہر جانے کا کہا گیا جب کہ میک اپ آرٹسٹ نے بیان ریکارڈ کروانے کے بعد میڈیا سے بات بھی نہیں کی۔نادیہ حسین پر الزام تھا کہ انہیں ان کے شوہر بینکار عاطف محمد خان نے خطیر رقم دی جو کہ ان کے شوہر نے مبینہ طور پر فراڈ کرکے حاصل کی۔گزشتہ ماہ مارچ میں ایف آئی اے نے بتایا تھا کہ تفتیش سے معلوم ہوا کہ نادیہ حسین اپنے 2 سیلون بینک فراڈ کی رقم سے چلاتی رہیں، اداکارہ کے سیلون کے اکاؤنٹس میں بینک فراڈ کے 2 کروڑ 64 لاکھ منتقل کیے گئے۔وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق عاطف خان کے 2 الگ الگ اکاؤنٹس کے ذریعے نادیہ حسین کے سیلون کے اکاونٹس میں پیسے منتقل کیے گئے۔نادیہ حسین کے شوہر محمد عاطف خان کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 10 مارچ کو 64 کروڑ روپے سے زائد کے فراڈ کیس میں گرفتار کیا تھا اور ان سے تفتیش جاری ہے۔نادیہ حسین کے شوہر پر الزام ہے کہ انہوں نے بینک کے 80 کروڑ روپے کا غلط استعمال کرکے ذاتی کاروبار کے لیے 65 کروڑ 40 لاکھ روپے کے فنڈز تیسری پارٹی سے وصول کیے اور وصول شدہ رقم پر کمپنی کے ہی پیسوں سے بھاری منافع بھی ادا کیا۔نادیہ حسین نے شوہر کی گرفتاری کے بعد انسٹاگرام پر ایف آئی اے کا افسر بن کر شوہر کی رہائی کے بدلے بھاری رقم کا مطالبہ کرنے والے شخص کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان سے ایف آئی اے کے مبینہ جھوٹے افسران نے رقم بٹورنے کی کوشش کی۔اسی کیس میں نادیہ حسین کا موبائل فون بھی ایف آئی اے نے تحویل میں لے کر انہیں بیان ریکارڈ کروانے کے لیے بلا لیا تھا اور اداکارہ نے پیش ہوکر اپنا بیان بھی ریکارڈ کروایا تھا اور بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ان کا مقصد ایف آئی اے افسران کو بدنام کرنا نہیں بلکہ اپنے ساتھ ہونے والے دھوکے کو سامنا لانا تھا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں