قومی احتساب بیورو نے روزنامہ جنگ اور دی نیوز میں 26؍ دسمبر 2019ء کو انصار عباسی کی شائع خبر بعنوان ’’گرفتاری سے قبل نیب کے سوال اور احسن اقبال کے جواب‘‘ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خبر شائع کرنے سے پہلے نیب کا موقف نہیں لیا گیا جبکہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باوجود میڈیا میں یہ خبر شائع کرکے ادارے کی ساکھ مجروح کرنے پر انصار عباسی اور جنگ گروپ کو قانونی نوٹس بھیجا جائے گا۔ نوٹس میں جنگ گروپ اور انصار عباسی کو صحافتی اقدار اور مروجہ قوانین کی خلا ف ورزی کرنے، نیب کا قانون کے مطابق موقف نہ لینے، نیب کی شہرت اور ساکھ کو نقصان پہنچانے اور نیب کے خلاف من گھڑت، بے بنیاد اور حقائق کے منافی خبریں شائع کرنے پر قانون کے مطابق 15؍ دن میں وضاحت کو من و عن شائع کرنے اور معافی مانگنے کا کہا جائے گا۔ نیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حقائق کو مسخ کرنا تفتیش میں مداخلت کے مترادف ہے اور اس ضمن میں مکمل قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انصار عباسی نے پہلے بھی شاہد خاقان عباسی کے نیب میں پیش ہونے، نیب کے سوالات اور شاہد خاقان عباسی کے جوابات کو نیب کا موقف اور تحقیق کیے بغیر از خود نتیجہ اخذ کرتے ہوئے روزنامہ جنگ میں خبر شائع کی تھی کہ شاہد خاقان عباسی نے نیب کو چت کر دیا۔ نیب نے مذکورہ اخبار اور رپورٹر کی ہرزہ سرائی کے باوجود شاہد خاقان عباسی کے خلاف احتساب عدالت اسلام آباد میں نہ صرف ریفرنس دائر کیا جو زیر سماعت ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیب نے بارہا جنگ گروپ کی انتظامیہ اور مذکورہ رپورٹر سے تحریری اور زبانی طور پر کہا کہ نیب ایک قومی ادارہ ہے جس کا مقصد ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ ہے جو کہ نیب کے ساتھ ساتھ جنگ گروپ سمیت پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے اس لیے جنگ گروپ کو نیب کی ساکھ کو متاثر کرنے اور نیب کے خلاف مبینہ طور پر منـظم پراپیگنڈہ مہم کی بجائے قانون کے مطابق نیب سے متعلق خبریں شائع / نشر کرنے سے پہلے نیب کا موقف لینا چاہئے لیکن ایسا نہیں کیا گیا، اور اگر کبھی موقف لیا بھی تو اسے توڑ موڑ کر پیش کیا گیا جو صحافتی بد دیانتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جنگ گروپ نے نیب کی ساکھ کو متاثر کرنے کیلئے جو مذموم پراپیگنڈہ مہم جاری کر رکھی ہے اس کا تمام ریکارڈ نیب کے پاس موجود ہے جس کو مناسب وقت پر قانون کے مطابق متعلقہ فورم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ نیب نے بدعنوان عناصر سے لوٹی ہوئی رقوم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائی، جس کا واضح ثبوت نیب کی موجودہ قیادت کے 27؍ ماہ کے دور میں نیب نے بدعنوان عناصرسے 153؍ ارب روپے بالواسطہ اور بلاواسطہ برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے۔ نیب نے جنگ گروپ اور متعلقہ رپورٹر انصار عباسی سے ایک بار پھر کہا ہے کہ نیب سے متعلق کوئی بھی خبر شائع/ نشر کرنے سے پہلے نیب کا موقف ترجمان نیب سے لیا جائے اور اسے من و عن شائع/ نشر کیاجائے ۔نیب جنگ گروپ کی طرف سے نیب کے خلاف جاری منـظم پراپیگنڈہ مہم کی سخت مذمت کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ اعلیٰ صحافتی اقدار، ضابطہ اخلاق اور قانون کو مدنظر رکھتے ہوئے جنگ گروپ نیب کے بارے میں بے بنیاد خبریں شائع/نشر کرنے سے گریز کرے گا اور نیب سے متعلق کوئی بھی خبر شائع/ نشر کرنے سے پہلے نیب کا موقف ترجمان نیب سے لے گا جو کہ نیب کا قانونی حق ہے ۔
نیب کا جنگ کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ
Facebook Comments