عوام کی شدید تنقید کے بعد بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو اور ویب سیریز ’برزخ‘ کی ٹیم نے اسے پاکستان سے یوٹیوب سے ہٹانے کا اعلان کردیا۔’برزخ‘ کو پاکستان میں زی زندگی کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا گیا تھا کیوں کہ ملک میں زی فائیو پر پہلے سے ہی پابندی عائد ہے۔ویب سیریز کی پہلی قسط کو گزشتہ ماہ 19 جولائی کو ریلیز کیا گیا تھا جب کہ اس کی پانچویں قسط کو یکم اگست کو ریلیز کیا گیا تھا۔اب تک ’برزخ‘ کی پانچ قسطیں ریلیز کی جا چکی ہیں جب کہ رواں ہفتے اس کی آخری قسط کو ریلیز کیا جائے گا، جس کے بعد اسے پاکستان سے یوٹیوب سے ہٹا دیا جائے گا۔کمپنی نے انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ ’برزخ‘ کو پاکستان سے یوٹیوب سے 9 اگست سے ہٹا دیا جائے گا۔پاکستان میں ’برزخ‘ 9 اگست کے بعد یوٹیوب پر بھی دستیاب نہیں ہوگی، تاہم اس وقت تک ویب سیریز کی تمام قسطیں ریلیز کی جا چکی ہوں گی اور پاکستانی شائقین اس کی تمام قسطوں کو دیکھ چکے ہوں گے۔