mutnazeh drama serial tv anchor ki tankeed

متنازع ڈرامہ سیریل ،ٹی وی اینکر کی تنقید۔۔

ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ کی آخری قسط میں نوجوان میاں بیوی کی طلاق دکھانے پر شایقین برانگیختہ ہو گئے۔  ’پروپاکستانی‘ کے مطابق مائی ری میں اداکارہ عینا آصف اور اداکار ثمر جعفری کم عمر میاں بیوی کا کردار نبھاتے ہیں جن کی حقیقی عمریں بھی بالترتیب 15اور 20سال ہیں۔اس ڈرامے کے ذریعے معاشرے میں کم عمری کی شادی کی حوصلہ شکنی کرنے اور یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ کس طرح 18سال سے قبل بچوں کی شادی ان کی زندگی تباہ کر دیتی ہے۔ڈرامے میں کم عمر جوڑ ے کی شادی اور بچے کی پیدائش دکھائی گئی ہے۔ آخری قسط میں میاں بیوی میں اس وقت طلاق ہو جاتی ہے جب دونوں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔لڑکا بیرون ملک جبکہ لڑکی پاکستان ہی میں پڑھنا چاہتی ہے۔ آخری قسط میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح میاں بیوی طلاق کے بعد پرسکون طریقے سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ڈرامے کے مرکزی کرداروں کے اس انجام پر شایقین کی طرف سے برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ معروف ٹی وی میزبان کرن ناز نے بھی ڈرامے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرامے میں طلاق کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔کرن ناز نے اپنے ایکس اکاﺅنٹ پر لکھا ہے کہ ”ایک خوبصورت ڈرامہ ’مائی ری‘ کا بدترین اختتام کیا گیا۔ طلاق کو گلوریفائے کیا گیا۔ میسج دیا گیا کہ ایک شادی شدہ لڑکی صرف اسی صورت میں پڑھ لکھ سکتی ہے اور کامیاب ہو سکتی ہے اگر وہ اپنی شادی ختم کر دے۔ صرف اس لیے کہ بڑوں نے اپنی مرضی سے چھوٹی عمر میں اس کی شادی کر دی تھی۔ڈرامہ رائٹرز اور پروڈیوسرز سے گزارش ہے، آپ خود جانتے ہیں کہ طلاق کا تناسب کتنا بڑھ گیا ہے۔ اگر کوئی حساس موضوع چھیڑ ہی دیتے ہیں تو اتنے بے ہودہ اختتام سے اس تناسب کو بڑھانے میں اپنا حصہ نہ ڈالیں۔کرن ناز کی پوسٹ پر کمنٹس میں صارفین کی اکثریت ان کے موقف کی تائید کر رہی ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں