اداکارہ حاجرہ یامین نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی مرد کو دیکھتی ہیں تو سب سے پہلے یہی سوچتی ہیں کہ مذکورہ شخص ان کے بچوں کے باپ کے طور پر صحیح انسان ہوگا یا نہیں؟اداکارہ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں ان کے زیادہ دوست نہیں لیکن جو ان کے دوست ہیں، انہیں وہ کبھی خود سے دور ہونے نہیں دیں گی۔ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ انڈسٹری میں کسی بھی ہدایت کار یا پروڈیوسر کے مطالبات کو نہ ماننے سے نقصان بھی ہوسکتا ہے اور انہیں بھی منع کرنے پر نقصان اٹھانا پڑا۔ان کے مطابق ان کے انکار پر انہیں کاسٹ کیے جانے پر پابندی عائد کی گئی اور انہیں ایک طرف سے چار سے پانچ سال تک کوئی کام نہیں ملا، کیوں کہ انہوں نے ان کے مطالبات ماننے سے انکار کردیا تھا۔حاجرہ یامین کا کہنا تھا کہ مطالبات ماننے سے انکار کا نقصان ان افراد کو ہو سکتا ہے جو جلد شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن جن کا مقصد اچھا کام اور انڈسٹری میں ہمیشہ موجود رہنا ہوتا ہے، انہیں انکار سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔اگرچہ اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ ان کے انکار کی وجہ سے ان پر پابندی بھی عائد کی گئی اور انہیں کئی سال تک کاسٹ نہیں کیا گیا لیکن انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کس طرح کے مطالبات ماننے سے انکار کیا اور ان سے کس نے مطالبات کیے تھے؟