کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ نے وزیراعلی ہائوس پرپولیس لاٹھی چارج کے بعد منتشرہونے والے ایم کیوایم پاکستان کے رہنماں اور کارکنان کے کراچی پریس کلب میں داخل ہونے والے معاملے پر ایک بیان میں کہاہے کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ تمام سیاسی جماعتوں کی جدوجہد کواحترام کی نگاہ سے دیکھا ہے اورہرسیاسی جماعت کوآزادی اظہارکے لئے اپنا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔بدھ کو ریڈزون میں لاٹھی چارج کے بعد منتشرہونے والے ایم کے ایم کے رہنمائوں اور کارکنان نے کراچی پریس کلب میں داخلے کے لیے کے پی سی کے عملہ کی ہدایات اور قواعدوضوابط کونظراندازکیا اورایک بڑی تعداد پریس کلب میں داخل ہوگئی۔اسی موقع پر کراچی پریس کلب کے نائب صدر عبدالرشید میمن او ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔تاہم جمعرات کو وفاق وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ایم کیو ایم کے سینئررہنما امین الحق نے کراچی پریس کلب کے سیکریٹری محمد رضوان بھٹی اور نائب صدر عبدالرشید میمن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اس معاملہ پر معذرت کی اور کہا کہ یہ واقعہ کسی بھی طرح دانستہ طور پر نہیں ہوا۔ انہوں نے پریس کلب کی مجلس عاملہ کا تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جلد ایم کیو ایم کا ایک وفد بھی پریس کلب کا دورہ کرے گا۔
