مرید کے قاتل کی ڈائری پولیس کو مل گئی۔۔

اینکر مرید عباس اور اس کے دوست خضر حیات کے قتل میں گرفتار ان کے دوست ملزم عاطف زمان سے تفتیش کے دوران پولیس نے شراکت داری کے حساب کتاب پر مشتمل ڈائری برآمد کرلی ہے، جس میں فی الوقت 38 سے زائد افراد سے سوا کروڑ روپے کی شراکت داری کا حساب کتاب ملا ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو کے مطابق ہفتے کی شام ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم نے نجی اسپتال میں زیر علاج ملزم عاطف زمان سے پوچھ گچھ کی۔پولیس حکام کے مطابق ملزم نے تفتیش کے دوران مقتولین اور دیگر انویسٹرز سے کاروباری شراکت داری کا حساب پیش کردیا جو ایک ڈائری کی شکل میں ہے۔ایس ایس پی طارق دھاریجو کے مطابق دستیاب ڈائری میں فی الوقت ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کا حساب کتاب تحریر ہے۔روزنامہ جنگ کے مطابق ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزم کی جانب سے دی گئی ڈائری میں 38 سے زائد افراد کے حساب کتاب کی تفصیلات ہیں، ڈائری میں تمام انویسٹرز کے نام اور فون نمبر بھی درج ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ان کی جانب سے فراہم کی گئی رقوم تاریخ کے ساتھ درج کی گئی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ایس ایس پی طارق دھاریجو نے بتایا کہ سنی سنائی یا اب تک کی ہوائی باتوں کے مطابق حساب کتاب اربوں روپے میں تھا لیکن اس طرح کا کوئی دعویدار ابھی تک سامنے نہیں آیا ،ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر ڈائری میں درج شراکت داروں کو بھی بیان کے لئے طلب کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ابھی تک کسی شراکت دار نے رقم کے لین دین سے متعلق پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔دریں اثناء کلفٹن میں واقع نجی اسپتال میں ملزم عاطف زمان کی سیکورٹی انتہائی سخت رکھی گئی ہے اور کسی کو ملنے کی اجازت نہیں ہے۔  جبکہ شام کو ملزم کا وکیل بھی ملنے کے لیے پہنچا جسے ملزم سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

How to Write for Imran Junior website
How to Write for Imran Junior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں