قومی احتساب بیورو کراچی نے نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس قتل کیس میں لوگوں سے بڑے پیمانے پر فراڈ کے معاملے کے تحقیقات کے لیے مرکزی ملزم عاطف زمان سے پوچھ گچھ کے لیے سینٹرل جیل کا دورہ کیااور عاطف زمان سے تفتیش کی ہے ۔ نیب ذرائع کے مطابق نیب کراچی کی ٹیم عدالت سے اجازت کے بعد سینٹرل جیل کراچی پہنچی، نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عمیر کی سربراہی میں تین رکنی ٹیم نے سینٹرل جیل کراچی میں ملزم عاطف زمان سے لوگوں سے کیے جانے والے فراڈ سے متعلق تفتیش کی ہے ، نیب ذرائع کے مطابق نیب نے بڑے پیمانے پر مالیاتی اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے مرید عباس قتل کیس کے مرکزی ملزم عاطف زمان کے گھر اور دفترکی تلاشی کے لیے بھی عدالت سے اجازت طلب کی ہے ، نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم عاطف زمان کا دفتر سربمہر ہونے کے باعث چھاپہ نہیں مارسکتے ہیں لہذا ملزم کے دفتر اور گھر چھاپے مارنے کی اجازت دی جائے۔واضح رہے کہ ملزم عاطف زمان نے نجی ٹی وی کے اینکر سمیت متعدد افراد کوبھاری منافع کا لالچ دے کر کروڑوں روپے کی سرمایہ کاجھانسہ دے رکھا تھا اور جب مرید عباس سمیت دیگر افراد نے رقم ڈوبنے کے خدشے کے پیش نظر اپنی رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو ملزم عاطف زمان نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر مرید عباس اور خضر حیات کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا اور خود کو بھی گولی مار کر زخمی کرلیا تھا۔ ملزم عاطف زمان اس وقت پولیس کی حراست میں ہے اور اس کے بھائی کوبھی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
|
Facebook Comments