پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی( پی ٹی اے )نے سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ٹک ٹاک بند کرنے کی ہدایات جاری کردی۔۔اس حوالے سے پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی ٹی اے نے سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں سے کہا ہے کہ فوری طور پر ٹک ٹاک تک رسائی بلاک کردی جائے۔ فوری طور پر ٹک ٹاک تک رسائی بلاک کرنے کی ہدایات پشاور ہائیکورٹ کے کے احکامات کی روشنی میں جاری کی گئیں۔واضح رہے پشاور ہائیکورٹ نے ٹک ٹاک ایپلی کیشن بند کرنے کا حکم دے دیا۔۔پشاور ہائیکورٹ میں ٹک ٹاک کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس میں ڈی جی پی ٹی اے،ڈپٹی اٹارنی جنرل اور درخواست گزاروکیل پیش ہوئے۔ چیف جسٹس قیصررشید نے استفسار کیا کہ ٹک ٹاک ایپلی کیشن بند کرنے سے ان کو نقصان ہوگا؟ جس پر ڈی جی پی ٹی اے نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی ہاں، ان کو نقصان ہوگا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ٹی اے نے کہا کہ ٹک ٹاک عہدیداروں کودرخواست دی لیکن ابھی مثبت جواب نہیں آیا۔چیف جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیئے کہ ٹک ٹاک ویڈیوز سے معاشرے میں فحاشی پھیل رہی ہے، جو ویڈیواپ لوڈ ہوتی ہیں یہ معاشرے کو قابل قبول نہیں۔اس سے سب سے زیادہ نوجوان متاثر ہورہے ہیں،ایپلی کیشن سے متعلق جو رپورٹ ملی ،وہ افسوسناک ہے۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ جب تک ٹک ٹاک حکام تعاون نہیں کرتے، ایپلی کیشن کو بند کر دیا جائے۔
