athar mateen qatal case qatilon ka suragh mil gya

ملازمین کو بیروزگار نہ کریں، سندھ حکومت کی مالکان سے اپیل۔۔

سندھ کے  وزیر برائے اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کیلئے ا ے پی این ایس کے عہدیداران اس سلسلے میں ایک کمیٹی قائم کردیں اس کمیٹی کی جو بھی سفارشا ت ہوں گی ان پر سو فیصد عملدرآمد کیا جائے گا، اخبارات اور میڈیا مالکان سے گذارش ہے ملازمین کو بیروزگار نہ کیا جائے اور تمام واجبات جلد سے جلد ادا کئے جائیں۔ اے پی این ایس کے سیکرٹری جنرل سید سرمد علی نے  کہا کہ سرکاری اشتہارات کا حجم 60؍ فیصد کم ہوگیا جس کے باعث اخبارات ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی سے قاصر ہیں ۔ اے پی این ایس کی میٹرو پولیٹن بی متوسط اور چھوٹے اخبارات کی کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد کانفرنس سے مہمان خصوصی صوبائی وزیر اطلاعات نے خطاب کرتے ہوئے اے پی این ایس کو یقین دلایا کہ محکمہ اطلاعات سندھ اور اے پی این ایس کی باہمی مشاورت سے طویل عرصہ سے زیر التواء واجبات کی جلد ادائیگی اور ماہانہ بنیادوں پر ادائیگیوں کا نظام وضع کیا جائے گا۔ ناصر حسین شاہ نے اخبارات کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے یقین  دلایا کہ حکومت سندھ میڈیا انڈسٹری کے فروغ اور ترقی کیلئے بھر پور اقدامات کرے گی اور اخبارات کے واجبات کی جلد ادائیگی اور اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے گی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات جاوید جبار نے بین الاقوامی اخبارات کی مثالیں دیتے ہوئے بتایا کہ یہ اخبارات حالات کے تناظر میں مواد کو صارف کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے آج کی ملٹی میڈیا دنیا میں ترقی کررہے ہیں۔ کانفرنس سے اے پی این ایس کے سیکرٹری جنرل سید سرمد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدلتے ہوئے میڈیا نظام میں ٹی وی ،ریڈیو اور انٹرنیٹ کے ساتھ ساتھ اخبارات بھی اہم کردار ادا کرتے رہیں گے کیونکہ افراد کی زندگی کی ضروریات میں ہر میڈیا کا اپنا حصہ ہوتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ اخبارات کو اپنی تجدید کرنا ہوگی اس کے لیے نیوزپیپرز کو ویوز پیپرز میں تبدیل کرنا ہوگا اور نوجوان نسل کے قاری سے اپنا رشتہ استوار کرنا ہوگا۔سرمد علی نے بتایا کہ وفاق،پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی حکومتوں پر اخبارات کے 4 ؍ ارب روپے واجب الادا ہیں جبکہ سرکاری اشتہارات کا حجم 60؍ فیصد کم ہوگیا ہے جس کے باعث اخبارات ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی سے قاصر ہیں یہ صورت حال بالآخر میڈیا انڈسٹری میں بیروزگاری بڑھانے پر منتج ہوگی۔ کانفرنس سے یونس مہر اور ممتاز پھلپھوٹو نے بھی خطاب کیا اور سندھ کے اخبارات کو درپیش مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالواسع شاکر نے اپنے افتتاحی خطاب میں تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کمیٹی کی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کمیٹی کی سفارش پر اے پی این ایس نے 25؍ ستمبر کو یوم اخبار بینی منایا جس کے ذریعے اخبارات اور مطالعہ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے ایک آگاہی مہم شروع کی گئی انہوں نے مزید بتایا کہ اس کانفرنس کے بعد جلد ہی اخبارات کے مسائل پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ کانفرنس نے سید اکبر طاہر کی قرارداد کو منظور کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت اشتہارات کی منصفانہ تقسیم اور اخبارات کے طویل عرصہ سے زیرالتواء واجبات کی جلد ادائیگی کو یقینی بنائے۔ اجلاس میں اخبارات کے پبلشرز اور ایڈیٹروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

How to Write for Imran Junior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں