تنخواہوں میں اضافے کیلئے جیونیوز کے ملازمین کا احتجاج، ہیڈ آفس کا اعلی ترین وڈا افسر ملازمین سے ناراض ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کیلئے جیو نیوز کے ملازمین نے ملک بھر کے دفاتر میں اور دفاتر کے باہر احتجاج کیا، تاہم ایک اعلی ترین وڈے افسر کی وجہ سے جمعہ سے جیو نیوز کے ملازمین تین کے بجائے چار بجے احتجاج کیا کریں گے۔۔پپو کے مطابق جیو نیوز ہیڈ آفس کراچی میں ملازمین نے نیوز روم میں احتجاج کیا، دن تین بجے شروع ہونے والا احتجاج نیوز اینکرز کے بیک گراونڈ میں نظر نہ آئے اس لیے جیو نیوز کے ایک اعلی ترین افسر نے ہیڈلائن کے بعد بلیٹن ڈراپ کرادیا اور ساڑھے تین بجے تک تقریباً سترہ منٹ اشتہار اور پرومو ہی چلتے رہے، لیکن ساڑھے تین بجے کی اپ ڈیٹ میں نیوز اینکرز دکھانے پڑے اور پیچھے احتجاج کرتے ملازمین بھی نظر آئے جس پر اعلی ترین افسر نے ہنگامی بنیادوں پر احتجاج کرنے والے ملازمین کو اپنے مخصوص دھمکی آمیز انداز میں وارننگ دی کہ آئندہ نیوز روم میں احتجاج نہیں ہوگا۔دوسری جانب جیو نیوز کے تمام بیوروز میں اسی طرح کا احتجاج کیا گیا، لاہور میں تمام ورکرز نے تین بجے کام چھوڑ دیا اور نعرے بازی کی، اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا یونین عہدیداروں کیساتھ شریک ہوئے، پشاور جیو نیوز کے ملازمین کے احتجاج میں خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر حسین پشاور پریس کلب کے سابق صدر ایم ریاض، یونین کے سینئر نائب صدر عمران ایاز اور کئی سینئر صحافی شریک ہوئے، جیو نیوز کوئٹہ اور ملتان بیورو میں بھی ملازمین نے بھرپور احتجاج کیا۔ان تمام مظاہروں میں شریک پریس کلب اور یونین کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ چینل مالکان اربوں روپے کمانے کے باوجود ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے حساب سے خاطرخواہ اضافہ نہیں کررہے۔پپو کا کہنا ہے کہ ملازمین کے احتجاج کا ایک سیکنڈ اسکرین پر آنے کے بعد جیونیوز ہیڈ آفس کے اعلی ترین وڈے افسر کی دھمکیوں کے بعد ملازمین نے طے کیا ہے کہ جمعہ سے احتجاج کا وقت تین کے بجائے چار بجے رکھا جائے کیونکہ جیو نیوز میں مالکان سے بگاڑ کے تو نوکری بچ جاتی ہے لیکن اعلی ترین وڈے افسر سے بگاڑ کے عزت اور نوکری دونوں کے لالے پڑجاتے ہیں۔
ملازمین کا احتجاج، وڈا افسر ناراض ہوگیا۔۔
Facebook Comments