پریس کلب میں موٹررجسٹریشن کیمپ آج بھی لگے گا۔۔

کراچی پریس کلب کے ارکان کی سہولت کے پیشِ نظر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکومت سندھ کی جانب سے قائم کردہ موٹر رجسٹریشن کیمپ کے پہلے روز صحافی برادری نے بھرپور شرکت کی۔جب کہ یہ کیمپ آج بھی پریس کلب میں لگے گا۔۔کیمپ میں 180 سے زائد ممبران نے  سیکیورٹی فیچر پر مشتمل نئی نمبر پلیٹ کے حصول کے لیے رجوع کیا جو اس امر کی عکاسی ہے کہ صحافی قانون کی بالادستی کو نہ صرف تسلیم کرتے ہیں بلکہ اس کی پاسداری کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھتے ہیں۔کراچی پریس کلب کے ابراہیم جلیس ہال میں منعقدہ اس خصوصی کیمپ میں ممبران کو کار اور موٹر سائیکل کی سیکیورٹی فیچر نمبر پلیٹس کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن کی منتقلی، اسمارٹ کارڈز اور دیگر متعلقہ امور پر مکمل رہنمائی و سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ارکان کراچی پریس کلب نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا اور  کہا کہ اس اقدام سے انہیں طویل قطاروں اور دفاتر کے چکر سے نجات ملی ہے۔یہ سہولت صوبائی وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ کی خصوصی ہدایت اور  ذاتی دلچسپی کے باعث ممکن ہوئی۔صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی سیکریٹری سہیل افضل خان اور رکن گورننگ باڈی حفیظ بلوچ نے اس کامیاب اقدام پر محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کی ٹیم اور صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ آئندہ بھی اسی طرح کے سہولت کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ صحافی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ شہری فرائض کی ادائیگی بھی آسانی سے کر سکیں۔ کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کی جانب سے آئندہ بھی ایسی سہولیات کے تسلسل کے لیے محکمہ ایکسائز کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں