کراچی پریس کلب اور یونی لیور پاکستان نے ملک میں موسمیاتی رپورٹنگ میں بہتری اور صحافیوں کی صلاحیتوں میں اضافے کے حوالے سے مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیا ہے۔کراچی پریس کلب اور یونی لیور پاکستان نے ملک میں موسمیاتی رپورٹنگ میں بہتری اور اس ضمن میں درپیش مشکلات کے حوالے سے ایک انٹر ایکٹیو سیشن کا انعقاد کیا۔سیشن میں کراچی پریس کلب کے سیکریٹری شعیب احمد، کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سیکریٹری نعمت خان، کلائمٹ ایکسپرٹ عافیہ سلام، سینئیر رپورٹر اور ممبر گورننگ باڈی شمس کیریو،رانا جاویداور موسمیات کے حوالے سے رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں نے شرکت کی۔اس سیشن کے انعقاد کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق رپورٹنگ کی باریکیوں اور عوامی آگاہی اور پالیسیوں کی تشکیل کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔سیشن کا آغاز ماحولیاتی تحفظ کیلئے یونی لیور کے پائیدار اقدامات کے جائزے کے ساتھ ہوا،اور آب و ہوا کی تبدیلی اور اس کے اثرات کے ساتھ ساتھ ماحولیات کے انحطاط کے درمیان فرق کرنے کی ضرورت پر بحث کی گئی۔میڈیا ڈیولپمنٹ اسپیشلسٹ اور کلائمٹ ایکسپرٹ عافیہ سلام نے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے نجی اور سرکاری شعبوں کو ملکر حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا،انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو درست اور مستند فیلڈ معلومات اور وسائل تک فراہمی کی ضرورت پر زور دیا تا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق موثر صحافت کو فروغ دیا جاسکے۔“کراچی پریس کلب کے سیکریٹری شعیب احمد نے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق بات چیت کو آسان بنانے اور قابل عمل حل کیلئے آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا،انہوں نے اس ضمن میں کراچی پریس کلب کے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کی پیشکش کی اور مل کر اس حوالے سے کام کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔“یونی لیور پاکستان کی ہیڈ آف سسٹین ایبلیٹی فاطمہ ارشد نے کہا کہ ”ہمیں مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکمت عملی کی ضرورت ہے،تاکہ ہم خود کو ان تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیا ر کرسکیں۔موسمیاتی تبدیلیاں غذائی تحفظ سے لے کر قدرتی ماحولیاتی نظام تک زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کرتی ہیں۔کراچی پریس کلب اور یونی لیور پاکستان مشترکہ تعاون کے تحت موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق رپورٹنگ میں بہتری کیلئے ورکشاپس،سیمینار،فیلڈ ورک اور دیگر شعبوں میں ملکر کام کرینگے۔
موسمیاتی رپورٹنگ کے حوالے سے انٹر ایکٹیو سیشن کا انعقاد۔۔
Facebook Comments