یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کو نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ ڈکی بھائی کیخلاف غیرقانونی ادائیگیوں کے ثبوت برآمد ہوگئے۔نیشنل کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے یوٹیوبر ڈکی بھائی کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتارکر لیا۔ ڈکی بھائی بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے تاہم ان کا نام پہلے ہی پی این آئی ایل فہرست میں شامل تھا جس کے باعث انہیں ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے ڈکی بھائی کے اثاثوں کی چھان بین کا آغاز کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم سعدعرف ڈکی بھائی پرغیرقانونی آن لائن جوا کھیلنے والی ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔حکام کے مطابق ملزم سے جدید موبائل فون برآمد کرکے مشکوک واٹس ایپ نمبرز اور ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔ ملزم سے غیرقانونی ادائیگیوں اوربائنومو پروموشن کے ثبوت بھی برآمد ہوئے ہیں۔نیشنل سائبرکرائم ایجنسی کے مطابق ڈکی بھائی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے ذریعے عوام کو گمراہ کرتا رہا۔ ملزم بیرون ملک فرار ہورہا تھا۔دریں اثنا ضلع کچہری لاہور میں مشہور یوٹیوبر ڈکی بھائی المعروف سعدالرحمن کو جوئے کی ایپس کی پروموشن اور دھوکہ دہی کے مقدمے میں عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی درخواست پر ڈکی بھائی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور انہیں 19 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی سے آئندہ سماعت پر مکمل تفتیشی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ ڈکی بھائی کی جانب سے معروف وکیل زین علی قریشی عدالت میں پیش ہوئے۔سعدالرحمن کے خلاف مقدمہ نمبر 196/2025 درج ہے جس میں پیکا ایکٹ کی دفعات 13، 14، 25 اور 26 شامل کی گئی ہیں جبکہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 420 اور 294-بی بھی شامل ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق ملزم قماربازی کے فروغ میں ملوث رہا اور اس نے مختلف جوا کھیلنے والی ایپس کو ویڈیوز کے ذریعے پروموٹ کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے موبائل سے اہم شواہد بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔
