پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے محسن رضا نقوی کی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب تعیناتی کے خلاف عدالت جانے اور احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا ہے، تحریک انصاف کی جانب سے منگل کے روز لاہور اور بدھ کو راولپنڈی میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کی تعیناتی کے پیچھے وہی لوگ ہیں جو مجھے اقتدار میں آنے سے روکنا چاہتے ہیں، سیاستدانوں کا راستہ روکنے کی کوشش کرنے سے ملک کا نقصان ہوتا ہے، ہم نے پوری کوشش کی ہے کہ ملک میں انتشار نا پھیلے، عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں محسن نقوی کو تعینات کرنے کا مقصد صوبے میں تحریک انصاف مخالف پولیس افسران اور بیوروکریٹس کو تعینات کرنا ہے جو الیکشن میں دھاندلی کریں گے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مخالفین جانتے ہیں کہ تحریک انصاف کو الیکشن میں ہرا یانہیں جاسکتا اس لیے یہ لوگ تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں ، یہ لوگ اس وقت تک انتخابات نہیں کروائیں گے جب تک اپنی انتظامیہ اور الیکشن عملہ تعینات نہیں کردیتے۔دریں اثنا سید محسن رضا نقوی صحافتی شعبے سے نگران وزیر اعلی بننے والی تیسری شخصیت ہیں۔۔پہلے2013 اور2018 میں بھی صحافیوں کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کیا گیا تھا. سنہ 2013 میں نجم سیٹھی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب بنایاگیا تھا. انہیں اس وقت کی اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی نے نامزد کیا تھا۔ 2018 میں تجزیہ کار پروفیسر حسن عسکری کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب لگایا گیا تھا،انہیں اس وقت کی اپوزیشن جماعت تحریک انصاف نے نامزد کیا تھا۔خیال رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام پر حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق نہ ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا تھا جس نے محسن نقوی کو نگران وزیر اعلیٰ مقرر کیا ہے۔ ان کا نام اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔ محسن نقوی پاکستانی میڈیا کا بڑا نام ہیں اور سٹی گروپ کے مالک ہیں ۔ ان کے گروپ کے چینلز میں سٹی 42 لاہور، سٹی 41 فیصل آباد، سٹی 21 کراچی، روہی (جنوبی پنجاب) ، یوکے 44 (برطانیہ) اور 24 نیوز (قومی سطح کا چینل) شامل ہیں۔
محسن نقوی کے خلاف احتجاج کا اعلان۔۔
Facebook Comments