سٹی نیوزنیٹ ورک کے مالک اور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بلامقابلہ نئے سربراہ منتخب ہو گئے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق محسن نقوی کے مد مقابل مصطفیٰ رمدے نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، مصطفیٰ رمدے کی محسن نقوی کے حق میں دستبرداری کے بعد محسن نقوی بلا مقابلہ سربراہ پی سی بی منتخب ہوئے۔نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تین سال کیلئے تقرری ہوئی ہے، پی سی بی کے بورڈ آف گورنر کے ممبران نے کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ کا انتخاب کیا۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بورڈ آف گورنرز کے 10 ارکان نے محسن نقوی پر اگلے 3 سال کیلئے اعتماد کا اظہار کردیا۔آئین 2014 کے تحت بننے والے بورڈ آف گورنرز کیلئے پیٹرن پی سی بی نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی طرف سے محسن نقوی اور مصطفیٰ رمدے کی نامزدگی ہوئی تھی۔دوسرے ارکان میں 4 ریجنز آزاد جموں کمشیر، لاڑکانہ، ڈیرہ مراد جمالی اور بہاولپور شامل ہیں۔ 4 محکموں پی ٹی وی، اسٹیٹ بنک، سوئی گیس اور غنی گلاس کے نمائندے بھی اس بورڈ آف گورنرز کا حصہ ہیں۔پی سی بی چیئرمین کے انتخاب کیلئے بی او جی کے اجلاس کی صدارت کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیئرمین شاہ خاور نے کی۔محسن نقوی وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے سے دستبردار ہونے کے بعد بطور پی سی بی چیئرمین فرائض سنبھالیں گے، چارج سنبھالنے تک شاہ خاور ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ رہیں گے۔