سینئر صحافی محسن جمیل بیگ کی رہائی ور اداروں کی بندش کے خلاف احتجاج آٹھویں روز بھی جاری رہا۔ احتجاجی مظاہرے میں جڑواں شہروں کے صحافیوں، نیشنل پریس کلب کے عہدیداروں اور سیاسی و سماجی شخصیت نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری طارق علی ورک، نائب صدر نیشنل پریس کلب غضنفر عباس، اظہار خان نیازی، شاہد اجمل، اقبال ملک، راجہ ابرار، چوہدری وقار نے 28فروری کو پی ایف یو جے کی کال پر پورے ملک میں پیکا ایکٹ کے کالے قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ملک بھر کے پریس کلبز پر سیاہ پرچم لہرانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محسن جمیل بیگ آزادی صحافت کے علمبردار کے طور پر حکومت کے سامنے کھڑے ہوگئے ہیں اور پورے ملک کے صحافی انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پیکا ایکٹ کا راتوں رات آرڈیننس کے ذریعے نفاذ ا سازشوں کی ایک کڑی ہے مگر حکومت یہ بھول چکی ہے کہ صحافی ہر دور میں ظلم و جبر کے خلاف کھڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جب تک محسن جمیل بیگ کے خلاف بے بنیاد مقدمات اور صحافتی اداروں کے خلاف سازشیں بند نہیں کرتی اس وقت تک یہ احتجاجی کیمپ جاری رہے گا۔
