سندھ ہائی کورٹ نے صحافی محسن بیگ کے خلاف مقدمے پر کی تحقیقات کا مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی۔جمعہ کو جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کراچی میں درج مقدمہ کے خلاف صحافی محسن جمیل بیگ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت اٹارنی جنرل پاکستان عدالت میں پیش ہوئے۔ اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان نے موقف دیا کہ محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ کا خاص پس منظر ہے۔ ہم نہیں چاہتے کسی کے ساتھ زیادتی ہو۔ محسن بیگ کو اگست میں نوٹس دیا گیا، انکوائری جاری تھی۔ منی لانڈرنگ کا مقدمہ 16 فروری کو درج کیا گیا۔ میرے پاس کیس کی بہت زیادہ تفصیلات نہیں، میں نے اتنا ہی مطالعہ کیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل لطیف کھوسہ نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہی دن میں تین تین مقدمات درج کیے گئے۔ اٹارنی جنرل نے موقف دیا کہ جو قانونی معاونت چاہیے میں حاضر ہوں۔
