کراچی پریس کلب میں سکل ڈیولپمنٹ کمیٹی اور سینٹر فار ایکسی لینس ان جرنلزم اور آئی بی اے کے اشتراک سے موبائل جرنلزم پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں صحافیوں کو اسمارٹ فون کے ذریعے بروقت اور تیز ترین رپورٹنگ، موبائل شاٹ میکنگ، ٹیکنیکس،ا سٹوری رائٹنگ اور موبائل ٹولز کے استعمال سے آگاہ کیا گیا جبکہ مختلف ایپلی کیشنز کے ذریعے موبائل سے ویڈیو ایڈیٹنگ اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے طریقے سکھائے گئے۔ اس موقع پر امریکا کے ایمی ایوارڈ یافتہ ویڈیو جرنلسٹ اور ٹرینر کریگ ڈف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کےبعد صحافت کی دنیا میں بھی جدت آگئی ہے، جس میں موبائل جرنلزم صحافیوں کی معاشی اور صحافتی ضرورت بن چکی، دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے موبائل جرنلزم کی تربیت حاصل کرنا ناگزیر ہے۔ سی ای جے کے لیکچرار اور جرنلسٹ شاہ زیب احمد ہاشم نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی صحافت پر بھی اثر انداز ہورہی، موبائل جرنلزم نے خبر کی نشر و اشاعت کو تیز کردیا ہے۔ سی ای جے، آئی بی اے کی ڈائریکٹر امبر رحیم ہاشمی نے کہا کہ صحافیوں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہمکنار ہونا ہوگا، آنے والا دور ڈیجٹیل میڈیا کا ہے۔ اس موقع پرکراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی نے کہا کہ صحافیوں کے معاشی مسائل دیکھ کر موبائل جرنلزم کا تربیتی پروگرام منعقد کیا۔ سیکریٹری شعیب احمد نے کہا کہ تربیتی ورکشاپ کا مقصد صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت بڑھانا ہے۔ کراچی پریس کلب ممبران کی استعداد کار بڑھانے کیلئے اس طرح کی مزید ورکشاپس منعقد کرواتی رہے گی۔ورکشاپ کی روح رواں اور ممبر گورننگ باڈی کے پی سی کلثوم جہاں نے کہا کہ صحافیوں کو صحافت کے نئے اسکلز سیکھنے ہوں گے۔اختتام پر صحافیوں کو سرٹیفکیٹس دیئے گئے جبکہ ٹرینر، ، اور سی ای جے کی ڈائریکٹر کو یادگاری شیلڈز دی گئیں۔