گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ صحافیوں کے مسائل ہر فورم پر اجاگر کروں گا۔پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے 75ویں یوم تاسیس پر لاہور پریس کلب میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان تھے،انہوں نے اپنے خطاب میں تمام صحافیوں کا شکریہ ادا کرتےہوئے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کا اور صحافیوں کا یکساں کردار ہے، جمہوریت کی بحالی کیلئے جس طرح ہمارے قائدین نے مشکلات کا سامنا کیا ، اسی طرح صحافیوں نے بھی اس کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی اور ہماری پارٹی کی جدوجہد کی تاریخ ملتی جلتی ہے، ہم آئندہ بھی ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، ملک کے لئے آپ کی بھی قربانیاں ہیں اور ہماری بھی،ملک کے ابتر حالات ہیں جنہیں بہتر کرنے کیلئے ہم نے مل کر کام کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں آج بھی خود کو ایک ورکر سمجھتا ہوں جو گلی محلوں میں سے ہوتا ہوا اس منصب تک پہنچا ہے،آپ دن میں دس بار بھی مجھے بلائیں گے تو میں آپ کے پاس چلا آؤں گا۔گورنر پنجاب نے اپنے خطاب کے دوران اس بات پر بھی زور دیا کہ آپ نے سچ لکھنا ہے آپ کو کسی کا طرف دار نہیں ہونا چاہیے، مثبت تنقید کرنا ہمیشہ صحافی کا حق ہے،انہوں نے یقینی دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کی کوئی بھی آپ کو مدد درکارہو تو بلا جھجھک مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔سردار سلیم حیدر خان کا کہنا کہ مجھے امید ہے کہ آپ بھی مجھے اپنی فیملی کا حصہ سمجھیں گے، آپ کے جو بھی مسائل ہیں اور جہاں پر آپ کی آواز بلند کرنی ہو گی ہم پہنچائیں گے۔تقریب سے صدر پی یو جے زاہد رفیق بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونین ہمیشہ سے قلم مزدوروں کی آواز رہی ہے اور زیردست میڈیا ورکرز کے حقوق کیلیے ہمیشہ کوشاں رہی ہے، ہمارا ماضی ہمارے مستقبل کا آئینہ دار ہے ۔پی یو جے کے جنرل سیکرٹری حسنین ترمذی کا کہنا تھا کہ پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی تاریخ قیام پاکستان سے پہلے کی ہے، ہماری جدوجہد کو ایک صدی مکمل ہونے کو ہے، آج ہم پی ایف یو جے کی 75ویں سالگرہ منارہے ہیں ،ہم نثار عثمانی، منہاج برنا، عبدالشکورکے مشن کو تسلسل سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور ہماری تاریخ ہمیشہ سے حریت پسند رہی ہے ۔
مثبت تنقید ہرصحافی کا حق ہے، گورنر پنجاب۔۔
Facebook Comments