عالمی شہرت یافتہ سینئر صحافی قمر احمد نے کہا ہے کہ صحافت میں مقام حاصل کرنے کیلئے مثبت سوچ اور معیاری رپورٹنگ کو اپنانا لازمی ہے۔وہ کراچی رپورٹرز فورم (کے آر ایف) کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب میں اپنے اورسیکریٹری پریس کلب رضوان بھٹی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب پزیرائی سے خطاب کر رہے تھے۔سینئر صحافی قمر احمد نے برطانیہ میں اپنی طویل ترین صحافتی زندگی اور کرکٹ و پولیٹیکل رپورٹنگ کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا اور کئی واقعات کا ذکر کیا اور کہا کہ نوجوان صحافیوں کی حوصلہ افزائی اور سینئر صحافیوں کی عزت افزائی و پزیرائی کا کراچی رپورٹرز فورم کا اٹھایا گیا بیڑہ قابل تعریف ہے۔تقریب پزیرائی کے مہمان خاص سیکریٹری کراچی پریس کلب رضوان بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو مثبت رپورٹنگ کر کے معاشرے سے برائیوں کےخاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ کراچی رپورٹرز فورم کی صحافیوں کے لیے حوصلہ افزائی اور پزیرائی کا مشن لائق تحسین ہے۔تقریب سے سابق صدر کراچی پریس کلب امتیاز خان فاران اور سابق سیکریٹری پریس کلب و سینئر صحافی مقصود یوسفی نے کہا کہ صحافیوں کی حوصلہ افزائی میں کراچی رپورٹرز فورم کا بڑا کردار ہے۔ کے آر ایف نے اپنی روایت کے مطابق سینئرز کی پزیرائی کا جو سلسلہ شروع کیا اس کی نظیر نہیں ملتی۔تقریب میں جنرل سیکریٹری کراچی رپورٹرز فورم انفاس کھوکھر نے مہمانوں اور صحافیوں کو اجرک کاتحفہ پیش کیا۔سینئر صحافی قمر احمد اور رضوان بھٹی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ تقریب میں کے آر ایف کے نائب صدر چوہدری صدیق، ڈپٹی جنرل سیکریٹری شکیل ذکی، جوائنٹ سیکریٹری کرم علی شاہ، چیئرمین مشاورتی کمیٹی میاں طارق جاوید، سیکریٹری فنانس ثروت جبیں، سیکریٹری رابطہ خالد خان، ارکان مجلس عاملہ عبد اللہ، ذوالفقار ببر، شہزاد ہ معین، سیمن مل، نوید اسلم، شبیر شفقت، منیر نارائی، شیخ محمد رمضان اور چیئرمین ادبی کمیٹی عبدالصمد تاجی کو اجرک پیش کی گئیں۔ بعد ازاں کے آر ایف کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔تقریب میں نظامات کے فرائض میاں طارق جاوید نے انجام دیئے۔ استقبالِ میزبانی کے فرائض شکیل ذکی اور خالد خان نے ادا کیے۔عبد الصمد تاجی نے تلاوت قرآن مجید کی اور نعتیہ اشعارپیش کیے۔
