misbat sahafat chahte hein

مثبت صحافت چاہتےہیں، عمرسرفراز چیمہ۔۔

وزیر اعلیٰ پنجاب  کے مشیر برائے اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت شفافیت اور میرٹ کے نظام کو ترویج دینا چاہتی ہے۔آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)  کے وفد سے خصوصی ملاقات میں انہوں نے پنجاب حکومت کی میڈیا پالیسی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مثبت صحافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ حکومت اشتہارات کی تقسیم میں شفافیت اور مقامی اخبارات کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ اخباری صنعت ملک کے بہترین اور پڑھے لکھے طبقے پر مشتمل ہے اس لیے میری صحافیوں سے گزارش ہے کہ وہ مثبت صحافت اور صحیح خبر کو اپنے اخبار کی زینت بنایا کریں اور اگر کسی کے خلاف خبر شائع کریں تو اس کا موقف بھی شامل کیا جانا چاہیے۔تحریکِ انصاف میڈیا دوست سیاسی جماعت ہے ، میڈیا نے ہمیشہ تحریکِ انصاف کے بیانیے کو اجاگر کیا ہے۔اس موقع پر صدر اے پی این ایس سرمد علی نے پنجاب میں موجود اخبارات کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اخبارات پاکستان کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومت کی توجہ کے بغیر یہ صنعت ترقی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے عمر سرفراز چیمہ کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔مشیر اطلاعات سے ملاقات میں اے پی این ایس کے سینئر رہنماؤں جمیل اطہر ، ممتاز طاہر اور منیر جیلانی نے بھی پنجاب کے اخبارات کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں ممبران اے پی این ایس اویس خوشنود، عرفان اطہر ، نوشاد علی، بلال محمود، محسن ممتاز، نوراللہ ، وقارالدین ،تنویر شاہ اور فرقان ہاشمی نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی سیکریٹری اطلاعات راجہ منصور بھی موجودتھے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں