میر صحافت میر خلیل الرحمان مرحوم کے بڑے صاحبزادے میر جاوید رحمان کی شدید علالت کے باعث طبعیت تشویش ناک ہے، میر جاویدرحمان کے اہل خانہ اور جنگ و جیو گروپ کی جانب سے عوام سے میرجاوید رحمان کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی گئی ہے۔اسپتال کی رپورٹ کے مطابق میر جاوید رحمان کو شوگر اور پھیپھڑوں کا شدید عارضہ لاحق ہے، اُنہیں گزشتہ روز اسپتال میں دل کا دورہ بھی پڑا تھا، روزنامہ جنگ کے پبلشر، پرنٹر میر جاوید رحمان نجی اسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہیں۔دریں اثنا دی نیوزکے انویسٹی گیشن ہیڈ انصارعباسی نے اپنے ٹوئیٹ میں انکشاف کیا ہے کہ جاوید رحمان وینٹی لیٹر پر ہیں۔۔جب کہ سینئر صحافی و اینکر پرسن حامد میر کا کہنا ہے کہ جنگ جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کے بڑے بھائی میر جاوید الرحمان کینسر کے باعث ہسپتال پہنچ گئے ہیں۔اپنے ایک ٹویٹ میں حامدمیر نے بتایا کہ “میر خلیل الرحمان کے بڑے صاحبزادے اور میر شکیل الرحمان کے بھائی میر جاوید الرحمان کراچی کے ایک ہسپتال میں کینسر کے خلاف لڑائی لڑ رہے ہیں ان کی حالت تشویشناک ہے ان کے دوست احباب اور ساتھیوں سے گذارش ہے کہ انکی صحت یا بی کے لئے دعا کریں بہت شکریہ۔خیال رہے کہ میر شکیل الرحمان کو نیب نے اراضی سکینڈل میں گزشتہ کئی روز سے حراست میں لے رکھا ہے۔ ٹوئٹر پر اتوار کے روز میر شکیل الرحمان کی رہائی کے حوالے سے ہیش ٹیگ “#ReleaseMirShakilurRehman” ٹوئٹر کا ٹاپ ٹرینڈ رہا ہے۔ جب کہ میر شکیل کی رہائی کے حوالے سے ٹرینڈ کے جواب میں ان کی رہائی کے مخالفین نے “میر شکیل قومی مجرم” کے نام سے ہیش ٹیگ بنایا ہے۔ علاوہ ازیں ۔۔۔جنگ جیوگروپ کی سی سی بی ایز کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومتی رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کے بھائی میر جاوید رحمٰن کی شدید بیماری کے باوجود میر شکیل الرحمٰن کو غیر قانونی حراست میں رکھنا غیر انسانی اور آمرانہ رویہ ہے، وزیراعظم کی غلط حکمت عملی سے پوری قوم کورونا وائرس کے رحم و کرم پر ہے اور وہ میڈیا اور اپوزیشن سے جنگ کرنے میں مصروف ہیں۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطابق میر جاوید رحمٰن کی طبیعت انتہائی ناساز ہے اور وہ مسلسل بستر علالت پر ہیں جس سے ناصرف ان کے اہلخانہ بلکہ جنگ گروپ کا ہر فرد انتہائی پریشان ہے۔۔۔ بھائی کی گرفتاری نے میر جاوید رحمٰن پر بہت برا اثر ڈالا ہے اور وہ بستر سے لگ گئے ہیں اور ایسے میں اگر انہیں کچھ ہوتا ہے تو اس کے ذمہ دار عمران خان اور چیئرمین نیب ہوں گے۔علاوہ ازیں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اپیل پر جیو اورجنگ کے دفاتر میں تمام تر حفاظتی تدابیر کے ساتھ احتجاج کا سلسلہ جاری رہا ۔عملے کے ارکان نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اپنے دفتری امور انجام دیئے۔
میر جاوید رحمان کی حالت تشویشناک،آئی سی یو میں داخل۔۔
Facebook Comments