بالی ووڈ میں پاکستان کے مشہور گانوں اور فلموں کو چرا کر ان کی ہوبہو نقل کرنا کوئی نئی بات نہیں۔ بھارتی فلمساز، پروڈیوسرز اور موسیقار بہت لمبے عرصے سے یہ غیراخلاقی کام کرتے آرہے ہیں اور اپنے اس عمل پر شرمندہ بھی نہیں ہوتے۔پاکستان کے مشہور گانوں، فلموں اور کئی سپر ہٹ ڈراموں کو نہایت بے باکی سے نقل کرنے کے بعد ایک بار پھر بھارت میں پاکستان کے مقبول ترین ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کو کاپی کرکے ’’کامنا‘‘ نامی ڈراما بنایا گیا ہے، جو ہو بہو’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی نقل ہے۔ ڈرامے کا ٹریلر دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین حیران ہونے کے ساتھ ساتھ بھارتی ڈراما ساز پر تنقید بھی کررہے ہیں۔بھارتی ڈرامے ’’کامنا‘‘ کے ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ڈرامے کی اسٹوری لائن، ڈائریکشن اور یہاں تک کہ کردار بھی ہو بہو ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ سے کاپی کیے گئے ہیں۔بھارتی ڈرامے کی کہانی پاکستانی ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کے مرکزی کرداروں دانش جو کہ ایک محنتی اور اپنی بیوی سے محبت کرنے والا شوہر ہے، مہوش جو کہ ضرورت سے زیادہ خواہشات کرنے والی بیوی ہے اور شہوار جو دانش کی بیوی کی خوبصورتی پر فدا ہوجاتا ہے کے گرد گھومتی ہے۔یہاں یہ بات دلچسپ ہے کہ بھارت میں پاکستانی ڈرامے کو کاپی کیے جانے کا الزام صرف پاکستانی ہی نہیں لگارہے بلکہ خود بھارتی شائقین نے بھی کہنا شروع کردیا ہے کہ ڈراما ’’کامنا‘‘ پاکستانی ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو ‘‘ کی کاپی ہے جسے وہ پہلے ہی یوٹیوب پر دیکھ چکے ہیں۔۔
