محکمہ اطلاعات حکومت سندھ نےفلمز اینڈ ڈرامہ پراڈکشن بورڈ قائم کر دیا ،سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ نیا تشکیل دیا جانے والا بورڈ فلم اور ڈرامہ پراڈکشن اور اس شعبے سے منسلک لوگوں کی معاونت کریگا اور ثقافتی نمائندگی و تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے کردار ادا کرے گا۔تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کے منظوری کے بعد محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کی جانب سے فلم اور ڈرامہ پراڈکشن بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس میں بورڈ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ محمد یوسف کابورو، سارنگ لطیف چانڈیو اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نیا تشکیل دیا جانیوالا بورڈ فلم اور ڈرامہ پراڈکشن اور اس شعبے سے منسلک لوگوں کی معاونت کرے گا اور ثقافتی نمائندگی و تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے کردار ادا کریگا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے تحت فلم اور ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کی معاونت کی جائے گی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ صوبے کے گوناں گوں کلچر اور ہمہ گیر تاریخی تہذیب کو اجاگر کرنے کی خواہاں ہے، محکمہ اطلاعات کی جانب سے نئے ٹیلنٹ کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، فلم اور ڈرامہ کے توسط سے پاکستان خاص طور پر سندھ کے اندر مثبت سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔