وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ 2023-24ءمیں پہلی مرتبہ ورکنگ جرنلسٹس کی ہیلتھ انشورنس کے لئے ایک ارب روپے کی رقم مختص کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی مشکور ہوں۔ اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ اعلان کرتے ہوئے مجھے بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ پہلی بار بجٹ میں میڈیا ورکرز اور ورکنگ جرنلسٹس کیلئے ہیلتھ انشورنس کی رقم مختص کی گئی ہے۔ مالی سال 2023-24ءکے بجٹ میں ایک ارب روپے اس مقصد کے لئے رکھے گئے ہیں۔ میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ اس اہم قدم کے لئے انہوں نے رقم فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اطلاعات یہ میرے اولین مقاصد میں سے ایک تھا کہ ورکنگ جرنلسٹس کو خاص طور پر مشکل گھڑی میں یہ سہولت میسر آئے۔دریں اثنا کراچی پریس کلب کے صدر سعید بازی، سیکرٹری شعیب احمد اور اراکین مجلس عاملہ نے وفاقی بجٹ میں صحافیوں کے لئے ہیلتھ انشورنس کی رقم مختص کرنے کو صحافی دوست فیصلہ قرار دیا ہے۔کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے کہاکہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کے تناظر میں وفاقی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ صحافیوں کے لئے خوش آئند ہے۔ ہم وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگ زیب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو میڈیا اداروں میں جاری برطرفیوں ، تنخواہوں میں کٹوتیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں جیسے سنگین مسائل کا بھی نوٹس لینا چاہیے ۔تمام میڈیا اداروں کو اس بات کا پابند بنانا چاہیے کہ وہ اپنے ورکرز کی تنخواہیں بروقت ادا کریں اور میڈیا ورکرز کی معاشی بہتری کے لئے موثر اقدامات کریں۔
میڈیا ورکرز، صحافیوں کیلئے ہیلتھ انشورنس کی رقم مختص۔۔
Facebook Comments