پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس ورکرز نے مختلف میڈیا اداروں میں ملازمین کو تنخواہیں دلانے کیلئے تحریک شروع کردی۔ اس احتجاجی تحریک کی ابتداء خبریں اخبار سے کی گئی۔خبریں اخبار کی انتظامیہ نے پی ایف یو جے ورکرز اور آر آئی یو جے ورکرز کے مطالبے پر تنخواہیں ادا کرنا شروع کردیں۔ پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت آر آئی یو جے ورکرز کے صدر شیخ یاسر شہزاد اور جنرل سیکرٹری عاطف شیرازی کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے خبریں انتظامیہ کے اسلام اور لاہور کے اعلیٰ انتظامی افسران سے مذاکرات کیے اور ان پر زور دیا کہ جن تین کیمرا مین اور ایک اینکر کو برطرف کیا گیا انہیں ان کے واجبات ادا کیے جائیں۔ جس پر جنرل منیجر ارشد نے عذر پیش کیا کہ ان ملازمین نے ہڑتال کی ہے اور کام چھوڑ دیا ہے، پرویز شوکت نے کہا آخر ہڑتال اور کام چھوڑنے کی وجوہات کیا ہیں ،ان کی بڑی وجہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی ہے، ان کے بچے فاقہ کشی کا شکار ہوگئے تو وہ کام چھوڑنے کے علاوہ احتجاج کا اور کیا طریقہ اختیار کرتے؟ آپ نے ان کو احتجاج پر مجبور کردیا، ہم اس جواز کو نہیں مانتے، آپ ان کو تنخواہیں اور واجبات ادا کریں۔ جس پر لاہور میں اعلیٰ افسر سے بات کروائی گئی اور انہوں نے تنخواہیں دینے پر رضامندی کا اظہار کیا ۔ مذاکرات کی کامیابی کے بعد ٹوکن احتجاج ختم کردیا گیا۔ بعدازاں خبریں دفتر کے باہر خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت نے کہا کہ ہم عملی کاموں پر یقین رکھتے ہیں جعلی الٹی میٹم اور دھمکیاں نہیں دیتے، پرویز شوکت نے کہا کہ ایسے دوسرے دفاتر کے سامنے بھی احتجاج کیا جائے گا جو تنخواہیں نہیں دے رہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت کو بتایا کہ وزارت اطلاعات ملازمین کی تنخواہوں کے حوالے سے 40 کروڑ کے واجبات ادا کررہی جبکہ 35 کروڑ روپے ادا کیے جاچکے ہیں اس کے باوجود اگر میڈیا مالکان تنخواہیں نہیں دیتے تو یہ سراسر زیادتی ہے، سیکرٹری اطلاعات اور پی آئی او ایسے میڈیا مالکان سے بات کریں گے تاکہ عید سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے، پرویز شوکت نے اس صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لینے پر فواد چوہدری کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آر آئی یو جے ورکرز کے صدر شیخ یاسر شہزاد نے کہا کہ پرویز شوکت کی قیادت میں قافلہ چل چکا ہے، اب آر آئی یو جے ورکرز ہر اس ادارے کے سامنے احتجاج کرے گی جو تنخواہیں ادا نہیں کررہے، اس موقع پر جنرل سیکرٹری آر آئی یو جے ورکرز عاطف شیرازی نے بھی خطاب کرتے ہوئے بعض میڈیا اداروں میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی شدید مذمت کی ۔انہوں نے کہا کہ رمضان بھی گزر گیا عید سر پر ہے بعض میڈیا مالکان اپنے ملازمین کو فاقہ کشی کا شکار کررہے ہیں یہ صورت حال ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔

میڈیاورکرزکوسیلری دلانے کی تحریک شروع۔۔
Facebook Comments