میڈیا ورکرز کیلئے مہنگائی الاؤنس کا مطالبہ۔۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، پٹرول اور اشیائے خورونوش کی  قیمتوں میں مسلسل اضافے کے پیش نظر میڈیا مالکان سے میڈیا ورکرز کے لئے ہنگامی بنیادوں پر مہنگائی الاؤنس جاری کرنے کا مطالبہ کیا یے، پی ایف یو جے دستور کے اراکین مجلس عاملہ کراچی کا اجلاس پی ایف یو جے  کے سینیئر نائب صدر افسر عمران کی صدارت میں کراچی پریس کلب میں منعقد ہوا، اجلاس میں سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ ،اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل عامر لطیف ، اراکین مجلس عاملہ شمس کیریو ، عمران ایوب ،شیما صدیقی، شعیںب احمد اور صدر کے یو جے دستور راشد عزیز نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں میڈیا ورکرز کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا، ٹی وی چینلز اور اخبارات میں  سرکاری اشتہارات کے واجبات کی مسلسل ادائیگیوں کے باجود میڈیا ورکرز کی تنخواہوں میں تعطل اور کئی سالوں سے تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ، اجلاس میں طے کیا گیا کہ پی ایف یو جے دستور تمام میڈیا مالکان کو مراسلہ جاری کرے گی اور ملاقاتیں کرے گی جس میں میڈیا ورکرز کے لئے معاشی ریلیف، ہیلتھ اینڈ لائف انشورنس اور جاب سیکیورٹی کا مطالبہ کیا جائے گا۔پی ایف یو جے دستور کی مجلس عاملہ کراچی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے، حکومت سرکاری ملازمین اور دیگر صنعتوں کے لئے معاشی ریلیف کے اقدامات کررہی ہے لیکن ملک کے چوتھے ستون میڈیا کو یکسر نظر انداز کیا ہوا یے، حکومت اور میڈیا مالکان کی جانب سے میڈیا ورکرز کی معاشی بہتری کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے سرکاری اشتہارات کے واجبات کی مسلسل  ادائیگیوں کے باوجود میڈیا مالکان نے اپنے ملازمین کو کوئی ریلیف نہیں دیا ہے۔ موجودہ صورتحال میں تمام میڈیا مالکان اپنے ملازمین کے لئے ہنگامی بنیادوں پر  مہنگائی الاؤنس جاری کریں اور دوسرے مرحلے میں تنخواہوں میں کم از کم ٪20 اضافہ اور میڈیکل کارڈ کی سہولت فراہم کریں۔ سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ نے میڈیا کو دباؤ میں لینے اور میڈیا ورکرز کو حراساں کرنے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر اطلاعات سے مطالبہ کیا کہ موجودہ حکومت میڈیا اداروں کو یرغمال بنانے اور آزادی صحافت پر قدغن لگانے کی سابقہ روایات کو ترک کرکے ملک میں آزادی اظہار رائے اور تعمیری تنقید کے مواقع فراہم کرے جس سے ملک کا سیاسی و سماجی ماحول بھی تبدیل ہوگا اور عوام کا اعتماد بھی بحال ہوگا، انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے دستور ملک بھر کے میڈیا داروں کے مالکان سے عنقریب ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کرے کی جس میں میڈیا ملازمین کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں