ایس این جی پی ایل کی طرف سے گیس فراہمی کے دعوؤں کے برعکس میڈیا ٹائون سمیت شہر اور کینٹ کے اکثر علاقوں میں کئی روز سے دن بھر قدرتی گیس کا غائب رہنا معمول بن گیا ہے جس سے صارفین اس شدید سردی اور بارش میں عذاب میں مبتلا ہو چکے ہیں، ویسٹریج، ویلی روڈ، اڈیالہ روڈ،چمن زار، اشرف کالونی، گلشن آباد، کہکشاں کالونی، جہانگیر روڈ، پشاور روڈ لین چار اور چھ سمیت گرد ونواح کے علاقے بھی اس بنیادی ضرورت سے محروم ہیں، متاثرین کے مطابق انہیں رات دس بجے کے بعد یہ بنیادی ضرورات فراہم کی جاتی ہے جبکہ دن بھر اتنی گیس بھی فراہم نہیں ہوتی کہ ناشتہ یا کھانا بن سکے، ادھر میڈیا ٹائون صارفین کے مطابق گزشتہ ماہ ایس این جی پی ایل حکام نے متاثرین کے ایک وفد کو یقین دہانی کروائی تھی کہ آئندہ سے گیس فراہمی کی صورتحال بہتر ہو جائے گی مگر چند روز کی بہتری کے بعد بالخصوص گزشتہ پانچ روز سے دن بھر گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے جس سے کھانا بنانا تو دور کی بات چائے بنانا بھی ممکن نہیں ہوتا، گھریلو صارفین نے وزیراعظم عمران سمیت متعلقہ وفاقی وزیر سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیکر گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
