محکمہ بلدیات سندھ کے سیکریٹری سید نجم شاہ نے ہاکس بے صحافی کالونی میں فوری طور پر ایک ایم جی ڈی پانی کی لائین فوری طور پر پہنچانے کیلئے واٹر بورڈ کو احکامات جاری کردئے ہیں ۔ انہوں نے یہ احکامات گزشتہ روز کراچی پریس کلب کی پلاٹ کمیٹی کے سیکریٹری شمس کیریو اور سابق صدر طاہر حسن خان ، ڈی جی ایل ڈی اے زبیر پرویز اور سیکریٹری ایل ڈی اے شبیہ الحسن کے ساتھ ایل ڈی اے میں صحافیوں کے پلاٹوں کے مسائل پر منعقد اجلاس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اجلاس کے دوران واٹر بورڈ کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور صحافی کالونی میں سیوریج لائین کی نکاسی کا کام مکمل کر کے دو دن کے اندر رپورٹ پیش کریں ۔ سیکریٹری بلدیات سندھ نے ڈی جی ایل ڈی اے کو صحافی کالونی میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کے الیکٹرک کے ذمہ داران سے دو دن کے اندر میٹنگ کر کے گرڈ اسٹیشن لگانے کے بھی احکامات جاری کئے ۔ سیکریٹری بلدیات سید نجم شاہ نے ڈی جی ایل ڈی اے کو ہدایت کی کہ صحافیوں کو پلاٹ کے مالکانہ حقوق کو یقینی بنانے کیلئے بورڈ آف ریونیو کے ذمہ داران سے میٹنگ کر کے فوری طور پر عمل میں لایا جائے ۔ انہوں نے اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ میری بھرپور کوشش ہے کہ ہاکس بے کی اسیکم میں لوگوں کو آباد کروں جس کیلئے تمام تر کوششیں کر رہا ہوں اور امید ہے کہ مسلسل جوجھد کے بعد اب کامیابی حاصل ہوگی اور جلد ایل ڈی اے میں لوگ آباد ہونا شروع ہو جائیں گے ۔ انہوں نے اس موقع پر ایل ڈی اے کے افسران کو ہدایت کی کہ صحافی کالونی ایل ڈی اے میں جاری ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں اور غیر معیاری کاموں کی شکایت پر ان کے خلاف کارروائی کریں ۔