وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عالمی سطح پر منفی تاثر کی ذمہ دار وزارتِ اطلاعات ہے۔ جمعہ کو غیر ملکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سے متعلق وزارتِ اطلاعات کا شعبہ ʼایکسٹرنل پبلسٹی ونگ مکمل طور پر غیر فعال ہو چکا ہے جسکی بڑی وجہ غیر ملکی صحافیوں سے رابطے نہ ہونا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ غیر ملکی صحافیوں کو پاکستان میں ویزہ مسائل کا سامنا ہے اور ایجنسیاں انکے پیچھے پڑ جاتی ہیں۔ ان کے بقول ایسے میں کیا کوئی توقع رکھ سکتا ہے کہ یہ ادارے پاکستان کا مثبت تشخص اُجاگر کرینگے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات کا بجٹ ضائع ہو رہا ہے۔ جب وہ وزیرِ اطلاعات تھے تو صحافی برادری نہیں، بلکہ میڈیا مالکان ان سے ناراض تھے، حکومت اور میڈیا کیلئے ایک دوسرے کو خوش رکھنا ضروری نہیں، بلکہ میڈیا کو حکومت کے ʼواچ ڈاگ کے طور پر کام کرنا چاہیے۔
میڈیا حکومت کا واچ ڈاگ بنے، فوادچودھری
Facebook Comments