media should only give news not disrespect anyone

میڈیا خبردے، ہتک نہ کرے۔۔

حکومت نے پیمرا ،پریس کونسل اور پی ٹی اے کو ضم کرکے نیا ریگولیٹری ادارہ قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کےلئے ایک ہی ادارہ کام کرے گا۔جس کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ، اس کا ابتدائی ورکنگ پیپر چیئرمین پی ٹی اے کو بھیجا گیا ہے،اس ضمن میں سیاسی پارٹیوں اور پارلیمانی کمیٹیوں کے ساتھ تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاور ت کی جائے گی۔میڈیا ریگولیشن کیلئے جامع قانون لائیں گے۔ ذمہ داری کی آڑمیں میڈیا پر قدغن نہیں لگائی جا سکتی،پاکستان میں میڈیا کے مجموعی کردار کی تعریف کرنی چاہئے ، پچھلے کچھ سالوں میں میڈیا کی آزادی نے پاکستان کو بدل کر رکھ دیا ،میڈیا تنقید کا حق رکھتاہے ،تضحیک کا نہیں،آپ خبر دے سکتے   ہیں، ہتک نہیں کر سکتے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پیمرا زیادہ سے زیادہ ٹی وی چینلز کو دس لاکھ کا جرمانہ کرسکتا ہے، یہ چینلز کیلئے بہت معمولی رقم ہیں،باقی دنیا میں دس دس کروڑ جرمانے عائد کیے جاتے ہیں،رائے کااظہار کوئی بھی کرسکتا ہے، اس کیلئے آپ چینلز کو پابند نہیں کرسکتے تاہم ر پورٹنگ پیشہ وارانہ ذمہ داری ہے، ان ددونوںکو الگ الگ تناظرمیں دیکھنا چاہیے، بد قسمتی سے اداروں سے ایڈیٹرز کا کردار ختم ہو گیا،میڈیا کوکسی کی بھی تضحیک کی اجازت نہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ٹی وی پر محرم کے دوران چلنے والے اشتہار پردوداہلکاروں کو معطل کیا گیا ، سیاستدانوں کی پیروڈی کی اجازت صرف پروگرا موں میں ہے، جو لوگوں کی تفریح کیلئے ہوں، اشتہارات میں پیروڈی کی اجازت نہیں ، جس اشتہار میں وزیراعظم کی پیروڈی کی جارہی ہے اس پر ایکشن لیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری ٹی وی کے پنشنرز کے واجبات کی ادائیگی کا مسئلہ حل کرلیاگیا ہے۔ 3108 میں سے صرف 279 پنشنرز کو واجبات کی ادائیگی ہونا باقی ہے،باقی سب پنشنرز کو پنشن دی جاچکی ہے۔ایک ارب 33 کروڑ میں سے 46 کروڑ 80 لاکھ روپے پنشنرز کو دے دئیے گئے۔ کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ سرکاری ٹی وی کی مجموعی آمدنی کا 72 فیصد سٹاف کی تنخواہوں پر خرچ ہوجاتا ہے۔ کمیٹی نے بعض سیاستدانوں کی مبینہ کردار کشی اور ایک نجی چینل پر پشتونوں سے متعلق توہین آمیز ریمارکس کا نوٹس لیا ، کمیٹی کو بتایا کہ اس بارے میں تفصیلی انکوائری کی گئی ہے۔ سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل نے بتایا کہ ٹی وی پر چلنے والے تمام اشتہارات کامواد دیکھنے کے لئے کانٹینٹ کمیٹی قائم کی جائے گی۔ چیئرمین کمیٹی فیصل جاوید کاکہنا تھا کہ پیمرا اور ٹی وی انٹرنل سنسر بورڈ کو ٹیلی ویژن اشتہارات کی نگرانی کرنی چاہیے، نئی کانٹینٹ کمیٹی قائم کرنے کی ضرورت نہیں،کمیٹی کے دیگر اراکین نےبھی چیئرمین کمیٹی کی تجویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ کسی کام میں تضاد نہیں ہونا چاہیے۔ چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے کہا کہ توہین آمیز ریمارکس پر نجی چینل کو وارننگ جاری کر دی گئی اور یہ معاملہ کونسل آف کمپلینٹ کے پاس ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں