نئے تجویز کردہ پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) آرڈیننس کے حوالے سے ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمینڈ) کا ہنگامی اجلاس بذریعہ ویڈیو لنک طلب کیا گیا۔ جس میں حکومت کی جانب سے بھیجے گئے پی ایم ڈی اے کے ڈرافٹ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ جس کے بعد فورم نے متفقہ طور پر مجوزہ آرڈیننس کے ڈرافٹ کو مسترد کردیا اور اسے حکومت کی جانب سے میڈیا کو کنٹرول کرنے اور اس پر دبائو ڈالنے کی کوشش قرار دیا۔ اس آرڈیننس کے ذریعے نا صرف میڈیا آزادی کو سلب کیا جائے گا بلکہ اس کے ذریعے حکومت آزاد میڈیا پر دبائو ڈال کر اسے جھکنے پر بھی مجبور کرے گی۔ ایمینڈ نے مجوزہ آرڈیننس کو ڈریکونین قانون قرار دیتے ہوئے ہر سطح پر اس کے خلاف مزاحمت کا اعلان کیا جس میں قانونی راستہ بھی شامل ہے۔ جب کہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو پی بی اے، پی ایف یو جے، سی پی این ای اور اے پی این ایس کے عہدیداران سے ملاقاتیں کرے اور تمام باڈیز کو مجوزہ قانون پر مشترکہ بیانیہ اور منصوبہ تشکیل دینے کی ترغیب دے۔ ایمینڈ وفد کا منصوبہ یہ بھی ہے کہ وہ وفاقی حکومت کے نمائندگان سے ملاقات کرے اور انہیں اپنے تحفظات اور اعتراضات سے آگاہ کرے۔
